آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز ہاشم آملہ کپتان مقرر، باؤچر کی واپسی

1 1,009

جنوبی افریقہ نے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کو آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے کپتان مقرر کر دیا ہے۔ عالمی کپ 2011ء میں شکست کے بعد گریم اسمتھ کی جانب سے قیادت سے استعفیٰ دینے کے بعد جنوبی افریقہ نے ماہِ جون میں ابراہم ڈی ولیئرز کو محدود اوورز کے دستے کا قائد بنایا تھا لیکن وہ زخمی ہونے کے باعث بطور کپتان اپنی پہلی ہی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ بھارت میں جاری چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں رائل چیلنجز بنگلور کی نمائندگی کر رہے تھے کہ تربیتی مشق کے دوران اپنی انگلی تڑوا بیٹھے اور ایک سے ڈیڑھ ماہ کے لیے کرکٹ کھیلنے سے محروم ہو گئے۔

ہاشم آملہ ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست بلے باز ہیں (تصویر:Graeme Robertson/Guardian)
ہاشم آملہ ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست بلے باز ہیں (تصویر:Graeme Robertson/Guardian)

اس صورتحال میں جنوبی افریقہ نے تجربہ کار بلے باز ہاشم آملہ کے سر قیادت کا تاج رکھا ہے اور وکٹ کیپر کے طور پر مارک باؤچر کو طویل عرصے کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹیم میں بلایا گیا ہے۔ عالمی کپ کے لیے دستے میں شامل نہ کیے گئے مارک باؤچر نوجوان وکٹ کیپر کے سامنے آنے کے بعد قومی منظرنامے سے غائب ہو چکے تھے تاہم قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی خواہش کا اظہار وہ بارہا کر چکے ہیں اور اب کی تکمیل کا وقت آ چکا ہے۔

ہاشم آملہ کو عام طور پر ٹیسٹ کا کھلاڑی سمجھا جاتا ہے اور ایک سال قبل تو انہیں ایک روزہ و ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم کے لیے شامل ہی نہیں کیا جاتا تھا۔ اب تک کیریئر میں وہ محض 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں تاہم ایک روزہ میں انہیں کچھ تجربہ حاصل ہے جہاں وہ 49 مقابلوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کر چکے ہیں اور بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ سال اگست میں ٹی ٹوئنٹی اور عالمی کپ کے بعد ایک روزہ کی کپتانی چھوڑنے والے گریم اسمتھ گھٹنے کی سرجری کے بعد پہلی مرتبہ کھیلتے نظر آئیں گے کیونکہ انہیں دونوں دستوں میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان شاندار سیریز کا آغاز 13 اکتوبر سے کیپ ٹاؤن میں ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا جس کے بعد جوہانسبرگ میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ کھیلا جائے گا۔ تین ایک روزہ مقابلوں کے بعد دونوں ٹیمیں 7 نومبر سے دو ٹیسٹ مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی، جس کے لیے دستوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اعلان کردہ دستوں میں مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں:

ایک روزہ: ہاشم آملہ (کپتان)، رابن پیٹرسن، ژاک کیلس، ژاں پال ڈومنی، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، فرانکو دو پلیسے، گریم اسمتھ، لونوابو سوٹسوبے، مارک باؤچر، مورنی مورکل، وین پارنیل اور یوہان بوتھا۔

ٹی ٹوئنٹی: ہاشم آملہ (کپتان)، البی مورکل، رابن پیٹرسن، رچرڈ لیوی، رسٹی تھیرون، ژاں پال ڈومنی، ڈیوڈ ملر، کولن انگرام، گریم اسمتھ، لونوابو سوٹسوبے،مورنی مورکل، وین پارنیل، ہینو کوہن اور یوہان بوتھا۔