ہارون لورگاٹ جون 2012ء کے بعد آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نہیں رہیں گے

0 1,000

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ 2012ء کے وسط میں اپنے عہدے کی مدت مکمل ہونے کے بعد اس میں مزید توسیع کے خواہشمند نہیں ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق انہوں نے آئی سی سی نامزدگی کمیٹی کو اس بارے میں مطلع کر دیا ہے جس کی صدارت آئی سی سی کے صدر شرد پوار کرتے ہیں۔

اسپاٹ فکسنگ معاملات سے فیصلہ کن انداز میں نمٹنے اور عالمی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد میرے خیال میں اب جانے کا وقت آ چکا ہے (تصویر: ICC)
اسپاٹ فکسنگ معاملات سے فیصلہ کن انداز میں نمٹنے اور عالمی کپ کے کامیاب انعقاد کے بعد میرے خیال میں اب جانے کا وقت آ چکا ہے (تصویر: ICC)

ہارون لورگاٹ جون 2008ء میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو بنے اور چار سال تک اس عہدے پر خدمات انجام دینے کے بعد جون 2012ء میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔ یہ اجلاس ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں طے شدہ ہے۔

گزشتہ سال آئی سی سی کے صدر نے جون 2011ء میں ختم ہونے والی اُن کے عہدے کی میعاد میں تین سال کی توسیع کی تھی لیکن ہارون لورگاٹ نے محض ایک سال کی توسیع قبول کی جو جون 2012ء میں مکمل ہوجائے گی۔

اس موقع پر ہارون لورگاٹ نے کہا کہ 2010ء میں نے سمجھا کہ 2011ء میں کافی کام تکمیل تک پہنچانا باقی ہیں جس میں کھیل کی سالمیت کی حفاظت اور آئی سی سی کی ساکھ اور تصور کو بحال کرنا شامل تھا۔ اسپاٹ فکسنگ معاملات سے فیصلہ کن انداز میں نمٹنے، عالمی کپ کے کامیاب انعقاد اور ایک نئی عالمی حکمت عملی ترتیب دینے کے بعد میرے خیال میں اب جانے کا وقت آ چکا ہے۔انہوں نے 2013ء میں عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کو مؤخر کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اعلامیہ میں آئی سی سی کے صدر شرد پوار اور نائب صدر ایلن آئزک نے ہارون لورگاٹ کی خدمات کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔