سعید اجمل کا خوف، انگلستان نے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی

1 1,014

برصغیر کی کنڈیشنز میں بدترین ناکامیوں کا سامنا کرنے کے بعد انگلستان کو اگلے سال کے اوائل میں پاکستان کے خلاف سیریز کا سخت چیلنج درپیش ہے اور عالمی درجہ بندی میں سرفہرست انگلستان پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل کامیابیوں سے پریشان بھی دکھائی دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنے پرفارمنس پروگرام کے دستے کو اگلے ماہ بھارت بھیجنے کا ارادہ کیا ہے۔

سعید اجمل اس وقت ٹیسٹ میں دنیا کے نویں اور ایک روزہ میں پانچویں بہترین گیند باز ہیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل اس وقت ٹیسٹ میں دنیا کے نویں اور ایک روزہ میں پانچویں بہترین گیند باز ہیں (تصویر: AFP)

خصوصا انگلستان کی نظریں اسپنرز کے خلاف کامیابیوں پر مرکوز ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انگلش بلے باز پاکستانی اسپنر سعید اجمل کے خلاف حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔

انگلینڈ پرفارمنس پروگرام (ای پی پی) کے ڈائریکٹر ڈیوڈ پارسنز کو امید ہے کہ مجوزہ دورہ برصغیر میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس سلسلے میں بلے بازوں، اسپن گیند بازوں اور وکٹ کیپروں پر مشتمل کھلاڑیوں کے ایک گروپ کا ایک تربیتی کیمپ اگلے ماہ ممبئی اور پونے میں لگایا جائے گا۔ جس میں انگلستان کے قومی دستے کے تین اہم کھلاڑی کپتان اینڈریو اسٹراس، میٹ پرائیر اور ایون مورگن شامل ہوں گے۔

انگلستان نے حال ہی میں بھارت میں ایک روزہ سیریز میں 5-0 کی ذلت آمیز شکست کھائی ہے جبکہ اس سے قبل عالمی کپ 2011ء میں بھی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ جیسی کمزور ٹیموں کے خلاف اپ سیٹ شکستیں بھی شامل تھیں۔ جبکہ دیگر ممالک میں اس کارکردگی بہت عمدہ ہے جیسا کہ اس نے اپنی سرزمین پر بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کی ہزیمت سے دوچار کیا جبکہ رواں سال کے اوائل میں آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر ایشیز میں بدترین شکست دی۔ اس لیے برصغیر کی کنڈیشنز میں مستقل ناقص کارکردگی اس کے لیے لمحہ فکریہ بن چکی ہے۔

پارسنز کا کہنا ہے کہ گرمی، نمی کا زیادہ تناسب اور پچوں اور اسٹیڈیمز سے نامانوسیت کھلاڑیوں کے لیے پریشان کن امر ہے اور ہم انہیں اس ماحول سے آشنا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کا زیادہ دور اسپن گیند بازوں اور بلے بازوں پر ہوگاجنہیں خصوصاً اسپن گیند بازی کے خلاف موثر ہونا ہوگا کیونکہ یہ ایسا شعبہ ہے جس میں ہم مضبوط نہیں ہیں۔

تین سینئر کھلاڑیوں کے علاوہ حال ہی میں انگلستان کی نمائندگی کرنے والے جانی بیئرسٹو، ایلکس ہیلز اور جیمز ٹیلر بھی تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔

پاکستان اور انگلستان کے درمیان مکمل سیریز کا آغاز جنوری 2012ء میں متحدہ عرب امارات میں ہوگا جہاں پاکستان نے حال ہی میں سری لنکا کو ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں شکست سے دوچا رکر کے اپنی قوت ظاہر کی ہے۔