بھارت سمیت سب سے نمٹ لیں گے، بلند عزائم کے ساتھ شاہد آفریدی ڈھاکہ روانہ

ایک مرتبہ پھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا اعزاز حاصل کرنے کی تمنا لیے پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی بنگلہ دیش روانہ ہوگئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ خود سے وابستہ امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور عوام کی دعاؤں سے اس مرتبہ پاکستان ضرور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنے گا۔

کراچی سے ڈھاکہ کے لیے روانگی کے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پاکستان کو اپنے گروپ میں دیگر سخت حریفوں کا بھی سامنا ہوگا۔ پاکستان آج یعنی سوموار کو اپنا پہلا وارم اپ مقابلہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ دوسرا وارم اپ جنوبی افریقہ کے خلاف 19 مارچ کو کھیلا جائے گا جس میں شاہد آفریدی شرکت کریں گے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی مہم کا باضابطہ آغاز 21 مارچ کو بھارت کے خلاف اہم ترین مقابلے سے ہوگا جس کے بارے میں شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ یہ روایتی حریف کے خلاف ان کا پہلا مقابلہ نہیں ہے ، اٹھارہ انیس سال سے بھارت کے خلاف کھیل رہے ہیں اور وہ ان کی طاقت اور کمزوریاں دونوں کو جانتے ہیں اور ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے ہم بھارت کے علاوہ ہر ٹیم سے نمٹ لیں گے۔
شاہد آفریدی اس وقت پہلو میں کھنچاؤ کی وجہ سے تکلیف کا شکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ٹیم کی روانگی کے چند روز بعد بنگلہ دیش گئے ہیں۔ حالیہ ایشیا کپ میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف مقابلوں میں ناقابل یقین فتوحات دلانے کے بعد پاکستان کو شاہد آفریدی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009ء کی کارکردگی دہرا کر پاکستان کو ایک مرتبہ پھر عالمی چیمپئن بنائیں گے۔