کراچی دہشت گردی، آئرلینڈ کا دورۂ پاکستان معطل
کراچی کے ہوائی اڈے پر دہشت گردوں کے حملے اور 30 افراد کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو بھی سخت دھچکا پہنچا ہے اور اس کا پہلا اثر رواں سال مجوزہ پاک-آئرلینڈ سیریز پر پڑا ہے کیونکہ آئرش بورڈ نے کہہ دیا ہے کہ سیریز اب ستمبر میں نہیں کھیلی جا سکے گی۔
آئرلینڈ نے سیکورٹی یقین دہانی اور سیکورٹی ماہرین کی رپورٹ کو شرط رکھتے ہوئے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ ماہ ستمبر میں پاکستان میں تین ون ڈے مقابلے کھیلے گا۔ یہ 2009ء کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے اولین مقابلے ہوتے جو مذکورہ سن میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے ممکن نہیں۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ترجمان بیری چیمبرز نے آج کہا ہے کہ ستمبر میں تین ون ڈے مقابلوں کے لیے کرکٹ آئرلینڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات گزشتہ تین ہفتوں سے جاری تھے جس میں دونوں ممالک کے بورڈ سربراہان کے علاوہ ان کی حکومتیں، بین الاقوامی کرکٹ کونسل اور سیکورٹی ماہرین شامل تھے۔ آئرلینڈ نے پاکستان میں تین ون ڈے مقابلے کھیلنے پر مشروط آمادگی ظاہر کردی تھی اور ہم اگلے مرحلے میں کھلاڑیوں اور عملے کے دیگر اراکین کی رضامندی حاصل کرتے لیکن کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد اب اس مجوزہ سیریز کو موخر کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجوزہ سیریز کے لیے مکمل سیکورٹی پلان تیار کرلیا تھا اور اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب دونوں کو بریفنگ بھی دے دی گئی تھی کیونکہ ممکنہ طور پر یہ سیریز لاہور میں کھیلی جانی تھی۔
تازہ ترین صورتحال کے باوجود چیمبرز کا کہنا ہے کہ کرکٹ آئرلینڈ پاکستان سمیت تمام ٹیسٹ رکنیت رکھنے والے ممالک کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کھیلنے کا خواہشمند ہے اور پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز آئندہ عالمی کپ کی تیاریوں میں بہت اہم ثابت ہوگی۔