بھارت ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور سرفہرست

0 1,057

انگلستان کے خلاف سیریز میں چار-صفر سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد، آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کی پہلی پوزیشن برقرار ہی نہیں، محفوظ بھی ہوگئی ہے۔ سال 2016 کے اختتام پر، ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت 120 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست رہا جبکہ آسٹریلیا 15 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

بھارت-انگلستان سیریز سے قبل انگلستان کے پاس 105 پوائنٹس تھے، اور وہ آسٹریلیا کا تقریباً ہم پلہ تھا لیکن سیریز میں عبرتناک ناکامی نے چار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ اسے پانچویں پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔ یوں، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درجے میں مثبت فرق آیا ہے۔ دونوں ٹیموں 102 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

سال 2016 کے دوران عالمی درجہ بندی میں ہونے والی تبدیلیاں خاصی دلچسپ رہی ہیں۔ 21 اگست سے 11 اکتوبر کے دوران پہلی پوزیشن پر اولاً آسٹریلیا، پھر پاکستان اور آخرکار بھارت نے قبضہ جمایا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی درجہ بندی کی سالانہ کٹ آف تاریخ یکم اپریل ہوتی ہے۔ اس مرتبہ یکم اپریل 2017 کو جو ٹیم سرِ فہرست ہوگی، اسے آئی سی سی کی جانب سے دس لاکھ امریکی ڈالرز کا انعام ملے گا۔ دوسرے نمبر پر موجود ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالرز، جبکہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ٹیموں کو بالترتیب دو لاکھ اور ایک لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

india-test-team-win