بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز؛ ویسٹ انڈین ٹیم کا اعلان، گیل بدستور باہر

0 1,020

ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور ابتدائی دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے لیکن حیران کن طور پر شعلہ فشاں بلے باز کرس گیل ایک بار پھر ٹیم میں شامل نہیں۔

کرس گیل، ویسٹ انڈین بورڈ کے عاقبت نااندیشانہ فیصلوں کے شکار

آئی پی ایل 4 میں سب سے زیادہ رنز بنا کر 'اورنج کیپ' اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے بلے باز کرس گیل کو پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل دستے سے باہر کیا گیا تھا جس کے بعد گیل آئی پی ایل کھیلنے کے لیے بھارت روانہ ہو گئے تھے جہاں انہوں نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے بھرپور داد سمیٹی۔ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی دستیابی سے بورڈ کو آگاہ نہیں کیا اس لیے انہیں پاکستان کے خلاف سیریز میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ گیل کا کہنا تھا کہ ان سے کچھ پوچھا ہی نہیں گیا کہ وہ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ بورڈ کے حوالے سے ان بیانات سے ڈبلیو آئی سی بی اب تک ناخوش ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس نے جان بوجھ کر کرس گیل سے صرف نظر کرتے ہوئے انہیں بھارت کے خلاف دستے میں شامل نہیں کیا۔

البتہ آئی پی ایل کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی کیرون پولارڈ ٹیم میں واپس جگہ پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ممبئی انڈینز کی جانب سے کھیلنے والے پولارڈ کو پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں نہیں کھلایا گیا جس میں ویسٹ انڈیز کو 3-2 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

دوسری جانب تیز گیند باز جیروم ٹیلر کو بھی 12 رکنی دستے میں طلب نہیں کیا گیا جنہوں نے کرس گیل ہی کی طرح کہا تھا کہ بورڈ نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ ویسٹ انڈین بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیلر کوبین الاقوامی کرکٹ میں اپنی فٹنس ثابت کرنے کے لیے مقامی کرکٹ کا پورا سیزن کھیلنا ہوگا۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آغاز4 جون کو پورٹ آف اسپین میں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو رہا ہے جس کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈیز کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ڈیرن سیمی (کپتان)، ایشلے نرس، آندرے رسل، آندرے فلیچر، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، ڈینزا ہیاٹ، روی رامپال، کرسٹوفر بارنویل، کرشمار سنتوکی، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔

ابتدائی دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ویسٹ انڈیز نے مندرجہ ذیل کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز کا پہلا معرکہ 6 جون کو پورٹ آف اسپین میں ہوگا۔
ڈیرن سیمی (کپتان)، انتھونی مارٹن، آندرے رسل، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، ڈیوین براوو، رامنریش سروان، روی رامپال، کارلٹن با، کرک ایڈورڈز، کیرون پولارڈ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔