پی ایس ایل 3، تمام میچز میں ڈی آر ایس استعمال ہوگا

0 1,213

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے تمام مقابلوں میں ڈی آر ایس کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ایس ایل3 کے لیے منتخب ہونے والے امپائروں اور میچ ریفریز کی تربیت کے لیے آئی سی سی کے امپائرنگ کوچ ڈینس برنز کی نگرانی میں دو روزہ ورکشاپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوئی۔

ڈسیژن ریویو سسٹم کا استعمال پاکستان سپر لیگ کے پچھلے ایڈيشن میں بھی ہوا تھا لیکن تب یہ صرف پلے آف مرحلے تک محدود تھا لیکن اب آئی سی سی کی جانب سے کی جانب سے متعارف کردہ نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں ڈی آر ایس کا استعمال تمام ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں لازمی قرار دیا گیا ہے اور گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے دورہ بھارت کے دوران مختصرترین فارمیٹ سے اس فیصلے پر عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس لیے پی ایس ایل انتظامیہ نے بھی فیصلہ لیا ہے کہ اب ایڈیشن 3 کے تمام میچز میں اس کا استعمال کیا جائے گا۔ویسے ٹی ٹوئنٹی جیسے فارمیٹ میں اس کی ضرورت بھی محسوس ہوتی تھی کیونکہ یہاں باقی فارمیٹ کی طرح غلط فیصلے کے نتائج کو سنبھالنے کے لیے وقت نہیں ہوتا، پہلی گیند سے آخری گیند تک ہر فیصلہ مقابلے کا پانسا پلٹنے کی طاقت رکھتا ہے۔ اس لیے ڈی آر ایس کے ذریعے غلطی کی گنجائش کو ختم کیا جا سکے گا۔

ڈی آر ایس کے استعمال کے حوالے سے منتخب امپائرز اور ریفریز کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں کوچ ڈینس برنز کو خصوصی طور مدعو کیا گیا ۔ ورکشاپ کے پہلے دن بڑی سکرین لگا کر امپائرز کے گزشہ فیصلے دیکھے گئے اور انہیں بریفنگ دی گئی۔