جنوبی افریقہ-بھارت واحد ٹی ٹوئنٹی ‘مین ان بلیوز’ کے نام

0 1,039

بھارت نے آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے واحد ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ یوں جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر مکھایا این تینی کا الوداعی میچ یادگار نہ ہو سکا۔ جنوبی افریقی اوپنر مورنی وان وائیک کے شعلہ فشاں اننگ بھی جنوبی افریقہ کے کام نہ آ سکی۔ کوئی دوسرا بلے باز جم کر ان کا ساتھ نہ دے سکا اور منزل سے 21 رنز دور ہی پروٹیز کی ہمت جواب دے گئی۔

بھارت کی جانب سے دیے جانے والے 169 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں گو جنوبی افریقہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں لیکن میچ کا ٹرننگ پوائنٹ دسویں اور گیارہویں اوور میں تین وکٹوں کا گرنا ثابت ہوا جس میں اے بی ڈی ویلیئرز، جے پی ڈومنی اور وان وائیک کی قیمتی وکٹیں شامل تھیں۔ 31 رنز پر دو وکٹیں گر جانے کے بعد وان وائیک اور ڈی ویلیئرز کا کردار اہم ہو سکتا تھا لیکن دھونی کی جانب سے یووراج سنگھ کو باؤلنگ پر لانے کا فیصلہ اس وقت بالکل درست ثابت ہوا جب ان کی پہلی ہی گیند پر پہلے ڈی ویلیئرز رن آؤٹ ہوئے اور محض تین گیندوں کے بعد ڈومنی بغیر کوئی رن بنائے پویلین سدھار گئے۔ اگلے اوور میں 93 کے مجموعی اسکور پر پروین کمار نے وان وائیک کو اشیش نہرا کے ہاتھوں آؤٹ کرایا تو گویا جنوبی افریقہ کی شکست پر مہر ثبت ہو گئی۔ وان وائیک نے محض 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 67 کی برق رفتار اننگ کھیلی۔

کپتان یوہان بوتھا نے جنوبی افریقہ کو میچ میں واپس لانے کی پوری کوشش کی لیکن بڑھتے ہوئے مطلوبہ رن ریٹ کو پورا کرنا ان کے اور ٹیل اینڈرز کے بس کی بات نہ تھی۔ اور یوں مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر جنوبی افریقہ 9 وکٹوں پر 147 رنز ہی بنا سکا اور 21 رنز سے شکست کھا گیا۔ بھارت کی جانب سے یوسف پٹھان اور اشیش نہرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے سلو پچ پر تین اسپنر پر مشتمل بالنگ اٹیک میدان میں اتارا لیکن وہ دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ کو حقیقی معنوں میں روکنے میں ناکام رہے۔ روہیت شرما (53 رنز) اور سریش رائنا (41 رنز) کی تیزرفتار اننگز کی بدولت بھارت اسکور بورڈ پر ایک بڑا مجموعہ (168/6) اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

میچ کے اختتام پر جنوبی افریقی اور بھارتی کھلاڑیوں کا گروپ فوٹو (© اے ایف پی)

روہیت شرما کو فیصلہ کن اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اپنے الوداعی میچ میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر این تینی کوئی متاثر کن کارکردگی پیش نہ کر سکے۔ انہوں نے اپنے کوٹے کے چار اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 46 رنز دیے۔ میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ان کو بھرپور انداز میں الوداع کیا۔

جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود بھارتی ٹیم کا ڈربن میں ہونے والا یہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ ورلڈ کپ فٹ بال کے موسس مابھیڈا فٹ بال اسٹیڈیم میں خصوصی طور پر تیار کردہ پچ پر کھیلا گیا۔