چگمبورا کی دھواں دار اننگز، زمبابوے کے امکانات باقی

0 1,040

آئرلینڈ کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست نے زمبابوے کو 'مارو یا مر جاؤ' والی صورتحال تک پہنچا دیا تھا اور متحدہ عرب امارات کے خلاف آخری گروپ مقابلے میں وہ واقعی مر جانے والی صورتحال تک پہنچ گیا لیکن ایلٹن چگمبورا کی دھواں دار بیٹنگ نے نہ صرف اسے مقابلہ جتوا دیا بلکہ بہتر رن ریٹ کے ساتھ گروپ میں سرفہرست بھی پہنچا دیا ہے۔

چگمبورا کی 21 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار اننگز نے زمبابوے کو شکست کے دہانے سے بچا لیا (تصویر: ICC)
چگمبورا کی 21 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار اننگز نے زمبابوے کو شکست کے دہانے سے بچا لیا (تصویر: ICC)

سلہٹ میں کھیلے گئے زمبابوے نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ابتدائی مرحلے کے اپنے آخری مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور باؤلرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت متحدہ عرب امارات کو 116 رنز تک ہی محدود رکھا۔ اماراتی وکٹ کیپر سوپنل پٹیل کے 30 اور کپتان خرم خان کے 26 رنز کے باوجود امارات صرف 88 رنز پر اپنی 8 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ تہرے ہندسے تک پہنچنے کے معدوم ہوتے امکانات میں کامران شہزاد نے 21 اور شادیپ سلوا نے 13 رنز بنا کر اسکور کو 116 رنز تک پہنچایا۔ ان دونوں کی باریوں نے عرب امارات کو آل آؤٹ ہونے سے بھی بچایا اور تمام 20 اوورز کھیلنا بھی ممکن بنایا۔

زمبابوے کی جانب سے سین ولیمز نے 15 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو، دو وکٹیں ٹینڈائی چتارا اور سکندر رضا بٹ نے حاصل کیں۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب کو زمبابوے نے خود انتہائی مشکل بنا دیا۔ ابتدائی چار اوورز ہی میں اس کے تین مستند ترین بلے باز ہملٹن ماساکازا، برینڈن ٹیلر اور سین ولیمز میدان سے واپس آ چکے تھے اوراس پر طرّہ یہ کہ 34 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے سکندر رضا کی وکٹ بھی گرگئی۔ میچ اس وقت انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا جب 63 پر ووسی سبانڈا بھی آؤٹ ہوگئے۔ پانچ بہترین بلے بازوں کے لوٹنے کےبعد ایسا لگتا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ابتدائی گروپ میں جہاں تمام ٹیموں نے کم از کم ایک میچ ضرور جیتا ہے، متحدہ عرب امارات بھی آخری روز فتح سمیٹنے کے ساتھ ساتھ زمبابوے کو بھی دوڑ سے باہر کردے گا لیکن زمبابوے نے کی ڈوبتی نیّا کو پار لگایا ایلٹن چگمبورا نے۔ جنہوں نے صرف 21 گیندوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے زمبابوے کو 14 ویں اوور ہی میں ہدف تک پہنچا دیا۔ تین چھکوں اور 6 چوکوں سے مزین اس باری نے نہ صرف زمبابوے کو مقابلہ جتوایا بلکہ اس کے رن ریٹ کو بھی آئرلینڈ سے بہتر بنا دیا۔ انہوں نے تمیسن ماروما کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ پر صرف 27 گیندوں پر 55 رنز کا اضافہ کیا۔ ماروما 14 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اب گروپ 2 سے اگلے مرحلے تک رسائی پانے والی واحد ٹیم کا فیصلہ آئرلینڈ و نیدرلینڈز کے مقابلے سے ہوگا جہاں آئرلینڈ کے جیتنے کی صورت میں فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا جبکہ شکست کی صورت میں زمبابوے سپر 10 میں پہنچ جائے گا لیکن اس میں بھی ایک شرط ہے، اگر نیدرلینڈز نے آئرلینڈ کو اس بری طرح شکست دی کہ اس کا نیٹ رن ریٹ زمبابوے سے بھی بہتر ہوگیا تو نیدرلینڈز سپر10 میں چلا جائے گا۔