مشتبہ باؤلنگ ایکشن: پی سی بی کا آپریشن کلین اپ

0 1,105

ایک جانب جہاں بین الاقوامی کرکٹ کونسل مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے حامل گیندبازوں کے لیے سرگرم عمل ہے وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی آپریشن کلین اپ کا آغاز کردیا ہے۔

مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے حامل قرار پانے والے باؤلرز صہیب مقصود بھی شامل ہیں (تصویر: PCB)
مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے حامل قرار پانے والے باؤلرز صہیب مقصود بھی شامل ہیں (تصویر: PCB)

آئی سی سی کی جانب سے اپنے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد اب پی سی بی نچلی سطح پر ہی ناقص باؤلنگ ایکشن کے حامل باؤلرز پر ہاتھ ڈالنے کا کام کررہا ہے اور کراچی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ اس سلسلے میں بڑا ہدف ہے جبکہ مجموعی طور پر جاری سیزن میں اب تک 29 گیندبازوں کے باؤلنگ ایکشن امپائروں کی نظروں میں آ چکے ہیں جن میں سے 7 کو دو مرتبہ رپورٹ کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے اپنے باؤلنگ ایکشن کو کلیئر کروانے تک قومی منظرنامے پر دوبارہ باؤلنگ نہیں کروا سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ درجنوں باؤلرز کے باؤلنگ ایکشن پر شبہ کے اظہار ہونا ہمارے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ 9 باؤلرز اب تک جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 10 کو انڈر 19 اور بقیہ کو ضلعی کرکٹ میں مشتبہ ایکشن کا حامل قرار دیا گیا ہے۔

تمام گیندبازوں کی رپورٹیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موصول ہوچکی ہیں جہاں قومی سلیکٹر اور اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم وڈیوز دیکھنے کے بعد ان گیندبازوں کو این سی اے میں طلب کریں گے اور ان کے ایکشن کلیئر کروائیں گے۔

جاری ٹی ٹوئنٹی کپ میں باؤلنگ ایکشن پر رپورٹ ہونے والے گیندبازوں میں صہیب مقصود ، فراز احمد خان ، عطاء اللہ ، جنید ضیاء ، عثمان ملک ، نیر عباس ، جہانزیب خان ، ندیم جاوید اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ ان میں سے آخری چاروں یعنی نیر عباس، جہانزیب خان، ندیم جاوید اور خرم شہزاد دو مرتبہ رپورٹ ہوئے ہیں جس کا مطلب ہے کہ اب وہ مزید باؤلنگ نہیں کر پائیں گے۔

انڈر 19 سہ روزہ ٹورنامنٹ میں مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے حامل قرار پانے والوں میں فیض اللہ، شہباز واہلہ، عبد القدوس، محمد آصف، محمد عامر اور کامران شوکت شامل ہیں جبکہ محمد نعیم، شفقت اللہ اور سمیع اللہ دو مرتبہ رپورٹ ہونے کی وجہ سے مزید باؤلنگ سے روک دیے گئے ہیں۔

انٹر ڈسٹرکٹ انڈر19 میں اب تک نظروں میں آنے والے باؤلرز میں باسط علی خان، رمضان بٹ، مسعود بیگ، شیر خان، کامران رحمانی، آغا شہریار، نصیب اللہ اور نعمان احمد شامل ہیں جبکہ انٹر ڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ میں عطاء اللہ اور وسیم اکرم کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا ہے۔