عالمی کپ 2011ء: بھارتی دستے کا اعلان، روہیت اور اوجھا باہر

2 1,066

اور بالآخر عالمی کپ 2011ء کے لیے فیورٹ و میزبان بھارت کے دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ حتمی 15 رکنی دستے میں روہیت شرما اور پراگیان اوجھا کی عدم شمولیت جہاں کئی شائقین کے لیے حیران کن ہے وہیں چار زخمی کھلاڑیوں کی اس امید کے ساتھ شمولیت کہ وہ عالمی کپ 2011ء کے آغاز تک فٹ ہو جائیں گے، بھارت کو عالمی کپ میں پریشانی میں ڈال سکتی ہے۔

عالمی کپ 2011ء کے لیے بھارتی ٹیم کے نامزد کپتان مہندر سنگھ دھونی (© گیٹی امیجز)

اعلان کردہ دستے میں روہیت اور اوجھا کی جگہ آف اسپنر روی چندر آشون اور حیران کن طور پر لیگ اسپنر پیوش چاؤلہ کو شامل کیا گیا ہے۔ چاؤلہ جولائی 2008ء میں ایشیا کپ میں بھارت کی ایک روزہ ٹیم کی نمائندگی کرنے کے بعد پہلی بار ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ وہ 2008ء کے بعد سے اب تک کھیلے جانے والے کسی ایک روزہ مقابلے کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ یوں پیوش کا نام شامل ہونا خود ان کے لیے بھی حیران کن ہوگا۔

19 فروری کو عالمی کپ کے آغاز سے قبل بھارت کے لیے سب سے بڑی پریشانی اس کے تین بہترین بلے بازوں سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر اور تیز باؤلر پروین کمار کا زخمی ہونا ہے تاہم اس کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس امید پر ان کو ٹیم میں شامل کیا ہے کہ وہ عالمی کپ تک فٹ ہو جائیں گے۔ تاہم صرف 7 بلے بازوں کی دستے میں شمولیت کے باعث بھارت کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہونے کا متحمل نہيں ہو سکتا اور اگر عالمی کپ کے دوران اس طرح کی کوئی صورتحال پیدا ہو گئی تو یہ میزبان ملک کے لیے بہت بڑی مشکل کھڑی کر سکتی ہے۔

بھارت کا باؤلنگ اٹیک ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ کی بنیادوں پر کھڑا ہوگا۔ اوجھا کے علاوہ دستے کے لیے سری سانتھ اور ایشانت شرما کو بھی منتخب نہیں کیا گیا تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ میچ میں فاتحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مناف پٹیل سلیکٹرزکا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

برصغیر کی پچوں پر اسپنر ہی بلے بازوں کے لیے پریشانی پیدا کر سکتے ہیں اس لیے بھارت نے ہربھجن سنگھ کے علاوہ اس شعبے کی ذمہ داری دو مزید ماہر اسپنرز پر ڈالی ہے جن میں سے دو آشون اور چاؤلہ کا ذکر اوپر آ چکا ہے جبکہ یووراج سنگھ، سریش رائنا اور وریندر سہواگ بھی موقع ملنے پر اسپن باؤلنگ کرا سکتے ہیں۔

بھارت کی قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کرش شری کانت پرامید ہیں کہ بھارت 28 سال کے طویل انتظار کے بعد عالمی کپ اٹھانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ٹیم اعلان کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بھارت کی منتخب کردہ ٹیم گزشتہ کچھ سالوں میں ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں اقسام کی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہے،چاہے اس نے اپنی سرزمین پر کھیلا ہو یا بیرون ملک۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ہوم کراؤڈ کے سامنے عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔"

عالمی کپ 2011ء کے لیے بھارت کا اعلان کردہ 15 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، یووراج سنگھ، سریش رائنا، ویرات کوہلی، یوسف پٹھان، ہربھجن سنگھ، پروین کمار، ظہیر خان، اشیش نہرا، مناف پٹیل، پیوش چاؤلہ اور روی چندر آشون۔