دورۂ زمبابوے، بھارت نے تمام اہم کھلاڑیوں کو باہر کردیا

0 1,012

بھارت نے اگلے مہینے دورۂ زمبابوے کے لیے ایک کمزور ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دستے کا اعلان کیا ہے جس میں پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں، جنہوں نے کبھی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی اور ودربھا کے بلے باز فیض فضل ان میں سے ایک ہیں۔

بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے 16، 16 رکنی دستوں کا انتخاب کیا ہے۔ دورۂ آسٹریلیا میں محدود اوورز کے مرحلے اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کھیلنے میں بھارتی دستے کے 17 کھلاڑی اس نئی فہرست میں شامل نہیں اور وہ بھی تمام اہم نام، جیسا کہ روی چندر آشون، شیکھر دھاون، رویندر جدیجا، ویراٹ کوہلی، بھوونیشور کمار، ایشانت شرما، روہیت شرما، محمد سمیع، ہربھجن سنگھ، اشیش نہرا، سریش رینا اور یووراج سنگھ۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی 275 ایک روزہ اور 68 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے ساتھ دستے کے سب سے تجربہ کار رکن ہوں گے اور یہ ٹیم کے باقی تمام 15 کھلاڑیوں کے مشترکہ تجربے سے بھی زیادہ ہے، جو کل ملا کر 83 ایک روزہ اور 28 ایک روزہ کھیل چکے ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کے مطابق نہ ہی کسی کھلاڑی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے اور نہ ہی کسی نے بی سی سی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ دستیاب نہیں ہوگا اس لیے زمبابوے نہ بھیجا جائے۔ یہ مکمل طور پر کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ وہ زمبابوے جانے کے لیے ایک نوجوان دستے کا انتخاب کرے۔

دستے میں صرف ودربھا سے تعلق رکھنے والے فیض فضل ہی ایسے کھلاڑی ہیں جو اس وقت انڈین پریمیئر لیگ نہیں کھیل رہے۔ وہ 2011ء سے راجستھان رائلز کے کھلاڑی تھے لیکن اس سال کسی ٹیم کے ساتھ ان کا کوئی معاہدہ نہیں تھا۔ وہ اس وقت انگلستان میں لیگ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ بین الاقوامی تجربہ نہ رکھنے والے دیگر کھلاڑیوں میں یزویندر چہل، جاینت یادو، کرون نائر اور مندیپ سنگھ ہیں۔

تین ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز کا آغاز 11 جون سے ہوگا جو 22 جون تک جاری رہے گی۔

دورۂ زمبابوے کے لیے اعلان کردہ بھارت کا ایک روزہ و ٹی ٹوئنٹی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، امباتی رائیڈو، آکشر پٹیل، بریندر سرن، جاینت یادو، جسپریت بمراہ، جے دیو انڈکٹ، دھاول کلکرنی، رشی دھاون، فیض فضل، کرون نائر، کے ایل راہول، کیدر جادھو، مندیپ سنگھ، منیش پانڈے اور یزویندر چہل۔

MS-Dhoni2