چٹاگانگ ٹیسٹ ہیجان خیز مرحلے میں

0 1,085

انگلستان کو صرف دو وکٹوں کی ضرورت ہے اور بنگلہ دیش کو محض 33 رنز کی، یعنی چٹاگانگ میں جاری ٹیسٹ اپنے انتہائی سنسنی خیز انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انگلستان دنیائے ٹیسٹ کے کم عمر ترین حریف کے خلاف پہلی شکست سے بچنے کی کوشش کرے گا جبکہ بنگلہ دیش پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے شبیر رحمٰن کی مدد سے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ دونوں صورتوں میں کل چٹاگانگ کی صبح یادگار ہوگی کہ جہاں کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں چوتھے دن کا کھیل بنگلہ دیش کے 8 وکٹوں پر 253 رنز کے ساتھ مکمل ہوا۔ 286 رنز کے ہدف کا تعاقب اگر کرلیا گیا تو یہ بنگلہ دیش کا کامیابی سے حاصل کردہ سب سے بڑا ہدف بھی ہوگا۔

بنگلہ دیش کی امیدوں کا مرکز و محور شبیر رحمٰن ہیں، اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں ایک بہت اہم اننگز کھیل رہے ہیں۔ وہ 59 رنز بنا چکے ہیں اور دوسرے کنارے پر انہیں 11 رنز بنانے والے تیج الاسلام کا ساتھ حاصل ہے۔

شبیر اور کپتان مشفق الرحیم کے درمیان 87 رنز کی شراکت داری نے انگلستان مقابلے کی دوڑ سے تقریباً باہر کردیا تھا، جب گیرتھ بیٹی کی وکٹیں اسے واپس لائیں۔ جب مشفق آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش ہدف سے صرف 56 رنز کے فاصلے پر تھا اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں لیکن کپتان کے جانے کے بعد مہدی حسن اور قمر الاسلام کی وکٹیں اسٹورٹ براڈ کے ہتھے چڑھ گئیں۔ منزل اب بھی 33 رنز دور ہے اور بلاشبہ آج رات بنگلہ دیش اور انگلستان دونوں کے کھلاڑیوں کو نیند نہیں آئے گی۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے آج تک صرف 7 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں۔ ان میں سے بھی پانچ زمبابوے اور دو ویسٹ انڈین کے ایک کمزور دستے کے خلاف جیتے گئے یعنی ایک مضبوط حریف کے خلاف یہ بنگلہ دیش کی پہلی فتح بن سکتی ہے۔ انگلستان کو اپنے اعصاب پر قابو ہوگا جو 34 کے انفرادی اسکور پر شبیر کا کیچ چھوڑ چکا ہے بلکہ تیج الاسلام کو بھی ایک نئی زندگی مل چکی ہے۔

Stuart-Broad