ورلڈ کپ 2019ء، پاکستان پر لٹکتی خطرے کی تلوار

0 1,174

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک روزہ کی عالمی درجہ بندی کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان 89 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش دو پوائنٹس کی برتری کے ساتھ ساتویں جبکہ ویسٹ انڈیز دو پوائنٹس ہی کی کمی کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ کیونکہ اگلے عالمی کپ 2019ء مکں میزبان انگلینڈ اور درجہ بندی میں سرفہرست دیگر 7 ٹیمیں براہ راست کھیلیں گی جبکہ باقی ٹیموں کو کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا ہوگا، اس لیے پاکستان کے سر پر کوالیفائی کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔

ان نازک حالات میں پاکستان کے لیے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے کیونکہ اس سیریز میں شاہینوں کے پاس اپنی پوزیشن برقرار رکھنے بلکہ مستحکم کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں اور ساتھ ہی پھنسنے کے بھی۔

پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ میں گزشتہ کچھ عرصے کی کارکردگی دیکھیں تو پاک-آسٹریلیا سیریز سے بہت زیادہ امیدیں لگائی بھی نہیں جا سکتیں۔ کینگروز کے خلاف گزشتہ 19 میں سے 15 مقابلوں میں پاکستان کو شکست ہوئی ہے اور اب تو ٹیسٹ سیریز میں بری طرح ہارنے کے بعد گرین شرٹس کا اعتماد بھی ٹوٹ چکا ہے۔ پھر وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور تیز گیندباز محمد عرفان کی وطن واپسی نے بھی نئے مسائل پیدا کردیے ہیں۔

بہرحال، اس وقت عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 120 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پوائنٹس دونوں کے یکساں ہیں۔ اس کے بعد بالترتیب انگلستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش ہیں جبکہ سب سے آخر میں پاکستان، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے نام ہیں۔ زمبابوے اور آئرلینڈ گیارہویں اور بارہویں نمبر پر موجود ہیں۔

World-Cup-2019