آسٹریلیا کے خلاف فتح؛ بھارتی کھلاڑی مالامال ہوگئے

0 1,149

آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست دینے اور بارڈر-گواسکر ٹرافی واپس حاص کرلینے کی خوشی میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو 50، 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں 333 رنز کی شاندار فتح حاصل کرنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم آنے والے مقابلوں میں اپنی برتری برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔ میزبان ٹیم نے دوسرے ہی ٹیسٹ میں زبردست کم بیک کرتے ہوئے 75 رنز سے کامیابی سمیٹی جبکہ تیسرا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہوا۔ یوں دھرم شالہ میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ سے قبل سیریز 1-1 سے برابر تھی۔

سیریز کے چوتھے میچ کے ابتدائی دو روز آسٹریلیا نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم دوسری اننگز میں مہمان ٹیم بھارتی اسپنرز کے حربے نہ سہہ پائی اور صرف 137 پر ڈھیر ہو کر میچ پر گرفت کھو بیٹھی۔ جواب میں میزبان ٹیم نے لوکیش راہول کی نصف سنچری اور اجنکیا ریحانے کی 2 چھکوں اور 4 چوکوں پر مشتمل برق رفتار اننگز کی بدولت معمولی ہدف حاصل کر کے ٹیسٹ جیت لیا اور سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلامیے میں قومی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے کو 25 لاکھ اور دیگر معاون اسٹاف کو 15، 15 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں میں یہ رقم سیریز میں ان کی شرکت کے مطابق دی جائے گی یعنی صرف وہی کھلاڑی 50 لاکھ روپے بطور انعام وصول کریں گے کہ جنہوں نے سیریز کے تمام چار ٹیسٹ مقابلوں میں حصہ لیا۔

کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست مقام مزید مستحکم کرنے پر بھی مبارک باد دی۔ یاد رہے کہ بھارتی ٹیم سال 2016-17 کے دوران کھیلی گئی تمام ہوم سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے۔

india-win