’آئی پی ایل بند کرو‘ سابق بھارتی کرکٹر کی بھوک ہڑتال
یکے بعد دیگرے تنازعات میں گھرنے کے بعد بھارت میں ہی انڈين پریمیئر لیگ کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں اور سابق کھلاڑی اور موجودہ رکن پارلیمان کیرتی آزاد نے تو لیگ کے خاتمے کے لیے اتوار سے بھوک ہڑتال بھ شروع کر دی ہے۔ یہ ہفتہ آئی پی ایل کے لیے بہت ہی برا رہا۔ پہلے لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کی خبریں منظرعام پر آئیں اور پانچ کھلاڑیوں کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا، اس کے بعد ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں شاہ رخ خان اور حفاظتی عملے کے درمیان ہونے والی جھڑپ اور پھر رائل چیلنجرز بنگلور کے آسٹریلوی کھلاڑی لیوک پومرزباخ کی ٹیم ہوٹل میں ایک خاتون پر مجرمانہ حملے اور اس کے منگیتر کو شدید زخمی کرنے کی خبروں نے آئی پی ایل کو ہلا کر رکھ دیا اور بھارت میں پہلی بار واشگاف انداز میں لیگ کے معاملات پر کڑی تنقید کی گئی۔
لیکن اب عملی قدم بھی اٹھنا شروع ہو گئے ہیں، اور ایک سابق کھلاڑی کیرتی آزاد نے دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کے باہر بھوک ہڑتال بھی شروع کر دی ہے۔ آزاد بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور رکن پارلیمان بھی ہیں اور 1980ء سے 1986ء کے دوران 7 ٹیسٹ اور 25 ایک روزہ مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 1983ء کا عالمی کپ جیتنے والے بھارتی دستے کا بھی حصہ تھے۔
بھارتی روزنامے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق دارالحکومت دہلی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ ”آئی پی ایل دیکھنے والے تمام افراد سے میرا سوال ہے کہ کیا یہ شفاف نہیں ہونی چاہیے؟ کھیل میں بہت زیادہ سیاست داخل ہو چکی ہے۔ میں صرف توقع ہی کر سکتا ہوں کہ سیاست میں کوئی اسپورٹ مین اسپرٹ بھی ہو۔“ انہوں نے کہا کہ ”ہمارے ملک میں کرکٹ مذہب کا درجہ رکھتا ہے لیکن دل بہت دکھتا ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ نوجوان کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی کے بجائے آئی پی ایل کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ ”میرے خیال میں آئی پی ایل صرف تفریح کے لیے ہے، لیکن اب منی لانڈرنگ کے معاملات سامنے آ رہے ہیں، فارن ایکسچینج کے قانون کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، ہر کھلاڑی دوسرے پر الزام دھر رہا ہے اور اسپاٹ فکسنگ پر ایک ٹیلی وژن چینل کے خفیہ آپریشن کے بعد زنا بالجبر ہی رہ گیا تھا اور وہ کمی بھی پوری ہو گئی۔“
بھوک ہڑتال میں سابق کرکٹر ویوک رازدان کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود ہیں۔
کیرتی آزاد نے چند روز قبل یہ کہا تھا کہ ممبئی میں شاہ رخ خان کے ساتھ حفاظتی عملے جھگڑا میرے خیال میں اسپاٹ فکسنگ قضیے سے لوگوں کی نظریں ہٹانے کے لیے کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت کے ٹیلی وژن چینل انڈیا ٹی وی نے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے بے نقاب کیا تھا کہ آئی پی ایل میں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ اور فرنچائزز کھلاڑیوں کو کالا دھن اور ناجائز مراعات دینے میں ملوث ہیں۔