سری لنکا-آسٹریلیا معرکہ، بارش کی جیت کرکٹ کی ہار

1 1,039

دنیائے کرکٹ کی دو مضبوط ٹیموں کے مابین عالمی کپ کا 20واں مقابلہ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ کرکٹ کے شائقین و ماہرین کی طرف سے اس میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی تھی تاہم موسم کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو قابو کرنے کے لیے میزبان سری لنکا نے تین اسپن گیند بازوں کو ٹیم میں شامل کیا۔ گزشتہ مقابلوں کی فاتح ٹیم کے رکن تیز گیند باز نوان کولاسیکرا کی جگہ آرتھوڈکس اسپنر رنگانا ہیراتھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ جبکہ آسٹریلیا نے اپنی فاتح ٹیم برقرار رکھتے ہوئے عالمی کپ 2007ء کے فائنل والی کارکردگی دہرانے کے لیے میدان میں اترا۔

ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تناؤ واضح نظر آیا (اے پی)

بارش کے باعث منسوخی سے قبل کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے ابتداء ہی میں سری لنکن بلے بازوں کو دباؤ میں لیتے ہوئے جلد ہی دو کامیابیاں حاصل کیں۔ اننگ کے دوسرے اوور میں سری لنکا کے اوپنر تلکرتنے دلشان اور آسٹریلوی گیند باز شاٹ ٹیٹ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور اسی اوور میں دلشان (4) ایک چوکا رسید کرنے کے بعد ہی شان ٹیٹ کی گیند پر کیمرون وائٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کے دوسرے اوپنر اوپل تھرنگا (6) کو بریٹ لی نے اسٹیون اسمتھ کے ذریعے پویلین لوٹایا۔ دو کھلاڑیوں کی جلد رخصتی کے بعد کپتان کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے نے ذمہ دارانہ انداز میں بلے بازی کی۔ دونوں مستند بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔ 16 ویں اوور میں جے وردھنے (23) ایک رن لیتے ہوئے ہچکچائے اور اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے انہیں رن آؤٹ کردیا۔

75 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد سنگاکارا اور تھیلان سمارا ویرا نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور 4.05 رن فی اوور اوسط سے 71 قیمتی رنز کا اضافہ کی۔ اس دوران سنگارا نے 70 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 61 ویں اور عالمی کپ میں چھٹی نصف سنچری ہے۔ 33 ویں اوور کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل رکا تو سنگارا (73) اور سماراویرا (34) کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شان ٹیٹ اور بریٹ لی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ عالمی کپ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والا 8 واں میچ تھا۔ 1996ء کے عالمی کپ فائنل میں سری لنکا نے آسٹریلیا جبکہ 2007ء کے عالمی کپ فائنل میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو شکست دی۔

میچ منسوخ ہوجانے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا ہے جس کے بعد گروپ 'اے' کے پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان کی اول پوزیشن بدستور برقرار ہے۔ اور بظاہر لگتا یہی ہے کہ اس میچ کے بے نتیجہ ختم ہونے کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان ہی کو ہوا ہے۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیم 5، 5 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

میزبان سری لنکا اپنا اگلا میچ 10 مارچ کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا جو دونوں ٹیموں کی کوارٹر فائنل کی جانب پیش رفت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دوسری جانب گزشتہ ایک دہائی سے عالمی کپ مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے والی آسٹریلیا کی ٹیم 13 مارچ کو کینیا کے مدمقابل آئے گی۔ 1999ء کے عالمی کپ کے گروپ مرحلے میں شکست کے بعد سے اب تک اس نے کوئی میچ نہیں ہارا۔