سنسنی خیز مقابلہ، ویسٹ انڈیز ایک وکٹ سے جیت گیا

0 1,047

ویسٹ انڈیز نے سہ فریقی سیلکون موبائل کپ کے افتتاحی مقابلے میں سری لنکا کو تو زیر کر لیا تھا، لیکن اس نے حقیقی ہمالیہ آج سر کیا۔ اسی میدان پر ایک دن بعد اس نے عالمی چیمپئن اور حال ہی میں چیمپئنز کے چیمپئن بننے والے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ ویسٹ انڈیز آج اپنے کپتان ڈیوین براوو کے بغیر کھیلا اور قائم مقام کی حیثیت سے کیرون پولارڈ میدان میں تھے اور دوسری اننگز میں مہندر سنگھ دھونی کے زخمی ہونے کی وجہ سے قیادت عارضی طور پر ویراٹ کوہلی کو مل گئی، یوں آج سبائنا پارک میں دو نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہوا اور اس میں کامیاب ٹھیرے پولارڈ۔

جانسن چارلس کی 97 رنز کی اننگز بھارت کی سرتوڑ کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کافی ثابت ہوئی (تصویر: AFP)
جانسن چارلس کی 97 رنز کی اننگز بھارت کی سرتوڑ کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کافی ثابت ہوئی (تصویر: AFP)

ویسٹ انڈین فتح کے ہیرو تھے جانسن چارلس، جو بدقسمتی سے 97 رنز بنا کر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ویسٹ انڈیز کو ان کی بہت زیادہ ضرورت تھی۔ لیکن انہوں نے اس موقع پر ڈیرن براوو کے ساتھ مل کر سنچری شراکت داری بنائی جب ویسٹ انڈیز صرف 26 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھا تھا۔ کرس گیل محض دوسرے اوور میں امیش یادیو کی گیند پر جبکہ چوتھے اوور تک ڈیون اسمتھ اور مارلون سیموئلز بھی وکٹیں دے کر چلتے بنے تھے۔ اسمتھ بغیر کوئی رن بنائے امیش کی گیند پر ایل بی ڈبلیو جبکہ سیموئلز بھوونیشور کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ایک ایسی وکٹ پر جو پہلی اننگز میں اسپنرز کے لیے بہت مددگار نظر آئی، امید نہیں کی جا سکتی تھی کہ ویسٹ انڈیز اس مقام سے بھی نکل جائے گا اور فاتحانہ پوزیشن پر آئے گا۔ لیکن دونوں نوجوانوں یعنی جانسن چارلس اور ڈیرن براوو نے کمال کر دکھایا۔ چوتھی وکٹ پر انہوں نے 116 رنز جوڑ کر ویسٹ انڈیز کو بالادست پوزیشن پر پہنچا دیا۔ اگر آنے والے بلے باز ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے تو ویسٹ انڈیز یہ مقابلہ باآسانی جیت سکتا تھا لیکن کیرون پولارڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد مقابلہ ویسٹ انڈیز کی گرفت سے نکلتا چلا گیا۔ دنیش رامدین روی چندر آشون کی ایک بہت ہی خوبصورت گیند پر کلین بولڈ ہوئے تو معاملہ آخری مستند بلے بازوں تک پہنچ گیا یعنی چارلس اور ان کا ساتھ دینے کے لیے موجود ڈیرن سیمی۔

اس موقع پر سیمی کو بہت ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت تھی لیکن وہ حد سے زیادہ جارحانہ مزاج میں نظر آئے۔ ہر گیند کو میدان سے باہر پھینک دینے کی کوشش کئی مرتبہ ناکام ہوئی اور بالآخر 29 رنز پر ان کی اننگز کے خاتمے کا سبب بنی، عین اس وقت جب ویسٹ انڈیز فتح سے صرف 33 رنز کے فاصلے پر تھا۔ ایشانت شرما کو ایک ہی اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا رسید کرنے کے بعد وہ شاٹ کھیلنے کی چنداں ضرورت نہ تھی، جس پر وہ آؤٹ ہوئے اور ایک اینڈ غیر محفوظ کر گئے۔ ویسٹ انڈیز کی امیدوں کو بہت بڑا دھچکا اس وقت لگا جب جانسن چارلس چوکے کے ذریعے اپنی سنچری مکمل کرنے کی کوشش میں مڈ آف پر کیچ دے بیٹھے۔ ویسٹ انڈیز 19 رنز دور تھا اور کریز پر کوئی بلے باز موجود نہ تھا۔ لیکن بقیہ رنز بنانے میں ویسٹ انڈیز کو مزید ایک وکٹ تو گنوانا پڑی لیکن آخری 10 رنز بنانے کے لیے آخری جوڑی کی ہمت کو داد نہ دینا زیادتی ہوگی کیمار روچ کے 14 رنز اور ٹینو بیسٹ کی جانب سے 10 گیندیں کھیل لینا فیصلہ کن ثابت ہوا اور 48 ویں اوور کی چوتھی گیند پر روچ کے فاتحانہ شاٹ نے ویسٹ انڈیز کو ایک اور فتح سے ہمکنار کردیا۔

ویسے مقابلے کا حیران کن عنصر یہ رہا کہ اک ایسی وکٹ پر جہاں سنیل نرائن اور مارلون سیموئلز نے دنیا کے بہترین بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا، اسی وکٹ پر بھارت کے بہترین اسپنرز کے لیے کوئی مدد نظر نہ آئی۔ روی چندر آشون نے چند بہترین گیندیں ضرور پھینکیں، لیکن جس کا انتظار تھا وہ شاہکار سامنے نہ آ سکا اور یہی وجہ ہے کہ بھارت 230 رنز کے ہدف کا دفاع نہ کرسکا۔

بھارت کی جانب سے امیش یادیو نے 3، ایشانت شرما اور روی چندر آشون نے دو، دو اور بھوونیشور کمار اور سریش رینا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بھارت نے ویسٹ انڈیز کی دعوت پر اپنی بیٹنگ کی شروعات کی تو اس کی بیٹنگ کو طویل عرصے بعد امتحان میں دیکھا گیا۔ انگلستان میں حریف گیند بازوں کے چھکے چھڑا دینے والے بلے باز یہاں بھیگی بلی نظر آئے اور سوائے روہیت شرما اور سریش رینا کے کوئی بھی بلے باز ویسٹ انڈین باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔

چیمپئنز ٹرافی کے مین آف دی ٹورنامنٹ شیکھر دھاون کیمار روچ کی پھرتی کا نشانہ بنے تو کچھ ہی دیر بعد ویراٹ کوہلی بھی سلپ میں کرس گیل کے شاندار کیچ کی وجہ سے میدان بدر ہوئے۔ روہیت نے کارتک کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا دیا اور 26 ویں اوور تک اسکور کو 98 تک لے گئے۔ البتہ کارتک مارلون سیموئلز کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے اور بھارت کے لیے معاملہ 'مردان بحران' تک آ گیا۔ سریش رینا جب تک کریز پر موجود تھے اور دھونی بھی پیڈ پہنے منتظر تھے، حالات اتنے گمبھیر نہ لگتے تھے لیکن اختتامی 10 اوورز میں رینا، دھونی اور جدیجا تینوں کی وکٹیں گرنے سے بھارت کی ایک اچھے مجموعے تک پہنچنے کی امید دم توڑ گئی۔ سریش رینا 44 رنز بنانے کے بعد کیمار روچ کی دوسری وکٹ بنے جبکہ دھونی اور جدیجا ٹینو بیسٹ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے بالترتیب 27 اور 15 رنز بنائے۔

بھارت 50 اوورز کے مکمل ہونے پر 7 وکٹوں پر صرف 229 رنز ہی بنا پایا جو بلاشبہ توقع سے کہیں کم مجموعہ تھا لیکن وکٹ میں اسپنرز کے لیے مدد تھی اور بھارت کے پاس روی چندر آشون اور رویندر جدیجا جیسے بہترین اسپنرز موجود تھے۔ لیکن اس کی تمام تر توقعات پر جانسن چارلس اور ڈیرن براوو نے پانی پھیر دیا اور وہ بھرپور کوشش کے باوجود مقابلہ نہ جیت سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ، ٹینو بیسٹ اور ڈیرن سیمی نے دو، دو اور مارلون سیموئلز نے ایک وکٹ حاصل کی لیکن سیموئلز کی کارکردگی اس لیے نمایاں رہی کہ انہوں نے اپنے 9 اوورز میں صرف 20 رنز دیے۔

جانسن چارلس کو بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب ویسٹ انڈیز پوائنٹس ٹیبل پر واحد ٹیم ہے جو اپنے دونوں مقابلے جیت چکی ہے اور 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے کیونکہ اس نے سری لنکا کو پہلا مقابلہ بونس پوائنٹ کے ساتھ شکست دی تھی۔ اب بھارت اور سری لنکا کے لیے سخت مرحلہ آچکا ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ 2 جولائی کو ان دونوں میں سے کون فاتح ہوگا اور کون شکست خوردہ اور مزید پریشان۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

سیلکون موبائل کپ 2013ء دوسرا میچ

30 جون 2013ء

بمقام: سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا

نتیجہ: ویسٹ انڈیز 1 وکٹ سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: جانسن چارلس

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
روہیت شرما  ک چارلس ب سیمی  60  89 4  1
شیکھر دھاون  ک اور ب روچ  11  10  2  0
ویراٹ کوہلی  ک گیل ب سیمی  11  21  0  1
دنیش کارتھک  ک اور ب سیموئلز  23  56  3  0
سریش رینا  ک رامدین ب روچ  44  55  4  0
مہندر سنگھ دھونی  ب بیسٹ  27  35  1  0
رویندر جدیجا  ب بیسٹ  15  20  2  0
روی چندر آشون  ناٹ آؤٹ  5  11  0  0
بھوونیشور کمار  ناٹ آؤٹ  11  5  1  1
فاضل رنز ب 5، ل ب 6، و 9،ن ب 2 22
مجموعہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 229

 

ویسٹ انڈیز (گیندبازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 10 2 41 2
ٹینو بیسٹ 10 0 52 2
ڈیرن سیمی 10 3 41 2
کیرون پولارڈ 1 0 8 0
سنیل نرائن 10 0 56 0
مارلون سیموئلز 9 1 20 1

 

ویسٹ انڈیزہدف: 230 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کرس گیل ک رینا ب یادیو 11 9 2 0
جانسن چارلس ک شرما ب یادیو 97 100 8 4
ڈیوین اسمتھ ایل بی ڈبلیو یادیو 0 3 0 0
مارلون سیموئلز ب بھوونیشور 1 5 0 0
ڈیرن براوو ک دھاون ب آشون 55 78 5 1
کیرون پولارڈ ک کارتھک ب شرما 4 7 0 0
دنیش رامدین ب آشون 4 5 1 0
ڈیرن سیمی ک آشون ب شرما 29 25 2 3
کیمار روچ ناٹ آوٹ 14 32 0 0
سنیل نرائن ک دھاون ب رائنا 5 12 0 0
ٹینو بیسٹ ناٹ آؤٹ 3 10 0 0
فاضل رنز ل ب 2، و 5 7
مجموعہ 47.4  اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 230

 

بھارت (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
بھوونیشور کمار  7  1  36  1
امیش یادیو  9.4  2  43  3
رویندر جدیجا  10  1  50  0
ایشانت شرما  9  0  51  2
روی چندر آشون  10  0  44  2
سریش رینا 2 1 4 1