اج تے ہوگئی سنگا سنگا! جنوبی افریقہ کو 180 رنز کی بدترین شکست

1 1,039

دنیا کے نمبر ایک بلے باز اور نمبر ایک باؤلر کی عدم موجودگی ٹیم پر کتنا بڑا فرق ڈالتی ہے؟ آج کولمبو میں جنوبی افریقہ کی بدترین شکست سے ظاہر ہو گیا۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ 180 رنز کے بھاری مارجن سے ہار گیا۔ 321 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں 140 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ یوں سری لنکا نے ایک طرح سے اس میچ کا بدلہ لے لیا ہے۔

137 گیندوں پر 6 چھکے اور 18 چوکے، اور 169 رنز (تصویر: AP)
137 گیندوں پر 6 چھکے اور 18 چوکے، اور 169 رنز (تصویر: AP)

سری لنکا کی اس شاندار فتح کے مرکزی کردار تھے کمار سنگاکارا جنہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 16 ویں اور بلاشبہ بہترین سنچریوں میں سے ایک بنائی۔ 137 گیندوں پر 6 چھکے اور 18 چوکے، اور 169 رنز، اور کیا چاہیے آپ کو؟

پابندی کے باعث سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز اس مقابلے میں شریک نہیں تھے اور قیادت کا بوجھ نوجوان دنیش چندیمال کے کاندھوں پر تھا۔ ٹیم میں تین سابق کپتانوں کی موجودگی میں یہ فریضہ انجام دینا تو بذات خود ایک بہت بڑی ذمہ داری تھی لیکن اتنی یادگار فتح کا تصور چندیمال نے نہیں کیا ہوگا۔

سنگاکارا اس وقت میدان میں اترے جب سری لنکا چوتھے اوور میں تلکارتنے دلشان کی وکٹ گنوا چکا تھا۔ کرس مورس کی ایک خوبصورت گیند ان کی وکٹیں بکھیرتی نکل گئی۔ اس مرحلے پر انہوں نے اوپل تھارنگا کے ساتھ کر 70 رنز کی پہلی اہم شراکت داری بنائی۔ تھارنگا نے 43 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا لیکن 21 ویں اوور کے آغاز کے ساتھ ہی وہ مورکل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ گیند بلے کا اندرونی کنارہ لیتی ہوئی سیدھا وکٹوں میں جا گھسی۔

اس مرحلے پر دو تجربہ کار ترین بلے باز کریز پر موجود تھے، سنگاکارا کے ساتھ مہیلا جے وردھنے۔ دونوں نے تیسری وکٹ پر اگلے 13 اوورز سے زائد تک 74 رنز کا اضافہ کیا اور پھر مورکل کے ہاتھوں جے وردھنے کے آؤٹ ہوتے ہی گویا میدان میں موجود تماشائیوں کو سانپ سونگھ گیا۔ عین اس وقت جب آخری پاور پلے شروع ہونے والا تھا، جے وردھنے کا آؤٹ ہونا سری لنکا کے لیے نقصان دہ ہو سکتا تھا لیکن آج سنگاکارا کا خاص دن تھا۔ سنگا نے اپنی 16 ویں ایک روزہ سنچری 103 گیندوں پر مکمل کی اور پھر جنوبی افریقی باؤلرز کی رہی سہی قوت کا بھی خاتمہ کر دیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 137 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں آخری 46 گیندوں پر انہوں نے 103 رنز کا اضافہ کیا یعنی عام اصطلاح میں چھکے چھڑا دیے۔

سنگاکارا 49 ویں اوور میں آرون فانگیسو کی وکٹ بنے لیکن تب تک وہ سری لنکا مجموعہ300 سے اوپر لے جا چکے تھے۔ یعنی میزبان کو نفسیاتی برتری حاصل ہو چکی تھی۔

سوائے مورنے مورکل کے جنوبی افریقہ کے تمام باؤلر بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔ مورکل نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس مورس نے 9 اوورز میں 80 اور راین میک لارن نے 10 اوورز میں 69 رنز بنائے اور ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فانگیسو کو 9 اوورز میں 50 رنز پڑے اور انہیں بھی ایک وکٹ ملی جبکہ ژاں پال دومنی تو 7 اوورز میں 51 رنز کھانے کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو پہلی ہی گیند پر دھچکا لگا جب لاستھ مالنگا کی ایک خوبصورت یارکر کولن انگرام کی اننگز کا خاتمہ کر گئی اور غالباً یہیں سے فاتح کا فیصلہ بھی ہو گیا۔ پوری اننگز میں کوئی ایسی شراکت داری قائم نہ ہو سکی جسے کہا جا سکتا ہو کہ میچ جیتنے کے لیے ایک سنجیدہ کوشش تھی۔ الویرو پیٹرسن اور رابن پیٹرسن 29، 29 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے اور پوری جنوبی افریقہ ٹیم 32 ویں اوور میں 140 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پیریرا اور رنگانا ہیراتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جکہ دو وکٹیں دلشان کو بھی ملیں، جنہوں نے اپنے 5 اوورز میں صرف 11 رنز دیے۔ ایک، ایک کھلاڑی کو شامنڈاایرنگا اور مالنگا نے بھی آؤٹ کیا۔

اور ہاں! مین آف دی میچ بھلا کون ہو سکتا تھا سوائے سنگاکارا کے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ مقابلہ اسی جگہ23 جولائی کو کھیلا جائے گا جہاں ممکنہ طور پر ہاشم آملہ واپس آئیں گے اور امکان ہے کہ جنوبی افریقہ توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائے گا۔

سری لنکا بمقابلہ جنوبی افریقہ

پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

20 جولائی 2013ء

بمقام: راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو

نتیجہ: سری لنکا 180 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: کمار سنگاکارا

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ب مورکل 43 64 7 0
تلکارتنے دلشان ب مورس 10 8 1 0
کمار سنگاکارا ک دومنی ب فانگیسو 169 137 18 6
مہیلا جے وردھنے ک انگرام ب مورکل 42 51 4 0
لاہیرو تھریمانے ک پیٹرسن ب میک لارن 17 33 0 0
تھیسارا پیریرا ناٹ آؤٹ 16 7 2 1
دنیش چندیمال ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 5، و 15، ن ب 1 22
مجموعہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مورنے مورکل 10 2 34 2
کرس مورس 9 0 80 1
راین میک لارن 10 0 69 1
رابن پیٹرسن 5 0 30 0
ژاں پال دومنی 7 0 51 0
آرون فانگیسو 9 0 50 1

 

جنوبی افریقہہدف: 321 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کولن انگرام ب مالنگا 0 1 0 0
الویرو پیٹرسن ک سنگاکارا ب پیریرا 29 31 4 0
ژاں پال دومنی ک سنگاکارا ب ایرنگا 15 22 3 0
ابراہم ڈی ولیئرز ب ہیراتھ 23 19 5 0
فف دو پلیسی ک چندیمال ب پیریرا 4 12 0 0
ڈیوڈ ملر ب دلشان 14 22 0 1
رابن پیٹرسن ک تھارنگا ب پیریرا 29 37 2 0
راین میک لارن ک پیریرا ب دلشان 4 15 0 0
کرس مورس ناٹ آؤٹ 9 17 0 0
مورنے مورکل ک تھریمانے ب ہیراتھ 0 2 0 0
آرون فانگیسو اسٹمپ سنگاکارا ب ہیراتھ 0 13 0 0
فاضل رنز ب 4، ل ب 7، و 2 13
مجموعہ 31.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 140

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 4 1 21 1
شامنڈ ایرنگا 5 0 27 1
تھیسارا پیریرا 7 0 31 3
رنگانا ہیراتھ 8.5 1 25 3
تلکارتنے دلشان 5 0 11 2
جیہان مبارک 2 0 14 0