کائل جاروِس نے اچانک بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا

0 1,017

زمبابوے کے نوجوان تیز باؤلر کائل جاروِس نے بین الاقوامی کرکٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ یوں وہ پاکستان کے خلاف چند روز بعد شروع ہونے والی سیریز میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔

جاروس نے محض 24 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ دی (تصویر: AFP)
جاروس نے محض 24 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ دی (تصویر: AFP)

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں جاروس نے کہا ہے کہ وہ اب کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے اور دوبارہ زمبابوے نہیں لوٹیں گے۔ چند روز قبل تنخواہوں کے معاملے پر زمبابوے کے کئی کھلاڑیوں نے احتجاجاً تربیتی کیمپ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ ان کھلاڑیوں میں جاروس بھی شامل تھے ، جن کا کہنا ہے کہ وہ اب کاؤنٹی اور ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی جانب توجہ دیں گے کیونکہ ایک معروف انگلش کاؤنٹی کے ساتھ ان کا تین سالہ معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔

24 سالہ جاروس نے اپنے آٹھ ٹیسٹ مقابلوں میں 30، 24 ایک روزہ مقابلوں میں 27 اور 9 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

90ء کی دہائی کے اواخر میں زمبابوے جو بہت تیزی سے عالمی منظرنامے پر ابھر رہا تھا، عاقبت نا اندیش بورڈ قیادت اور ان کے ناقص فیصلوں کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے زوال پذیر ہے اور اب ہر گزرتے دن کے ساتھ ٹیم پیچھے کی جانب جا رہی ہے۔

گزشتہ ڈھائی سالوں میں کئی اہم کھلاڑی ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے جن میں سین اروائن نے عالمی کپ 2011ء کے بعد اور کپتان ٹاٹنڈا ٹائبو نے صرف 29 سال کی عمر میں کرکٹ کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اب صرف 24 سال کی عمر میں کائل جاروس بھی زمبابوے چھوڑ گئے۔