پی سی بی چیئرمین انتخابات، عبد القادر میدان میں
عدالت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں انتخابات کرانے کے اعلان کے ساتھ ہی سابق اسپنر عبد القادر میدان میں کود پڑے ہیں اور انہوں نے چیئرمین پی سی بی کے آئندہ انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبد القادر نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں پہلی بار انتخابات کا انعقاد ایک خوش آئند بات ہے اور عدالت کے فیصلے سے ایک اچھی روایت کا آغاز ہو رہا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے کام کرنے سے روک دیا تھا اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے قائم کردہ عبوری انتظامی کمیٹی کو بھی معطل کردیا تھا۔ عدالت نے جسٹس (ر) منیر اے شیخ کی زیر صدارت ایک الیکشن کمیٹی مقرر کی جو آئندہ ماہ کے اوائل میں کرکٹ بورڈ میں انتخابات کروائے گی۔ اس وقت تک تمام روزہ مرہ امور کی نگرانی سیکرٹری کرکٹ بورڈ کو سونپ دی گئی ہے۔
عبد القادر نے کہا کہ سربراہ منتخب ہوکر وہ ملکی کرکٹ کو درست سمت میں چلائیں گے اور پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اندرون و بیرون ملک ہر جگہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے وہ دنیا بھر میں ایک توانا آواز رکھتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کرکٹر ہی کرکٹ کے مسائل کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے اور چیئرمین کی حیثیت سے منتخب ہوکر میں پاکستان کرکٹ کی بہتر خدمت کر سکتا ہوں۔
عبد القادر ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور چیئرمین سلیکٹرز کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھائی ہیں جبکہ ڈیو واٹمور کی تقرری سے قبل جب پاکستان کرکٹ بورڈ نئے ہیڈ کوچ کی تلاش میں تھا تو اس وقت بھی عبد القادر امیدواروں میں شامل تھے۔