عالمی درجہ بندی: پاکستان کو دوسری پوزیشن بچانے کے لالے پڑگئے

0 1,027

پاکستان کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کا آغاز جتنا خوش کن انداز میں ہوا تھا، اس کا اختتام اس سے کہیں زیادہ بھیانک صورت میں ہو رہا ہے۔ پاکستان پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد نہ صرف دوسرا و آخری ٹیسٹ بدترین انداز سے ہارا بلکہ اس کے بعد 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں بھی 4-1 کے واضح مارجن سے شکست کھائی۔ اب جبکہ سیریز ٹی ٹوئنٹی کے آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے، اسے اپنی عالمی درجہ بندی بچانے کے لیے بھی لالے پڑ گئے ہیں۔

پاکستان کو آج شب لازماً فتح حاصل کرنا ہوگی (تصویر: Cricnama)
پاکستان کو آج شب لازماً فتح حاصل کرنا ہوگی (تصویر: Cricnama)

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا و آخری ٹی ٹوئنٹی آج شب دبئی میں کھیلا جائے گا جہاں فتح حاصل کرکے ہی پاکستان عالمی درجہ بندی میں اپنی دوسری پوزیشن کو بچا سکتا ہے۔ پاکستان پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کھانے کے بعد اس وقت تیسری پوزیشن تک پہنچ چکا ہے اور بھارت ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اگر پاکستان آج نہ جیت پایا تو اسے تیسری پوزیشن سے بھی ہاتھ دھونے پڑیں گے اور ٹیسٹ کی طرح وہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی چوتھے نمبر پر چلا جائے گا جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر براجمان ہوگا۔

البتہ پاکستان کے خلاف امتحان آج رات ختم نہیں ہوگا۔ ٹیم کے اراکین کل ہی جنوبی افریقہ روانہ ہو جائیں گے جہاں اسے پہلے دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پروٹیز کا سامنا کرنا ہوگا اور اس کے بعد تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔ جب پاکستان جنوبی افریقہ کو متحدہ عرب امارات میں مانوس کنڈیشنز میں نہ ہرا سکا تو اسے اسی کے میدانوں میں ہرانا محض "دیوانے کا خواب" ہوگا۔