ہارون رشید کو ڈائریکٹر اکیڈمیز بنانے کا فیصلہ
پاکستان نے ہارون رشید کو ڈائریکٹر اکیڈمیز اینڈ گیم ڈیولپمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ٹیم مینیجر سمیت قومی کرکٹ بورڈ میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے ہارون رشید کی تقرری کے لیے تمام مشاورت مکمل ہوچکی ہے اور فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے اب صرف آئندہ ایک دو روز میں اعلان کرنا باقی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ میں اس وقت بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہو رہی ہے اور کوچ جیسے اہم عہدوں کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر اور ڈائریکٹر اکیڈمیز پر بھی تعیناتیاں ہورہی ہیں۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ایک مرتبہ پھر بورڈ کی قیادت سنبھالنے والے ذکا اشرف نے عامر سہیل کو چیف سلیکٹر کے ساتھ ڈائریکٹر اکیڈمیز اینڈ گیم ڈیولپمنٹ کی اضافی ذمہ داری سونپی تھی لیکن وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ذکا اشرف کو برطرف کیے جانے کے بعد نجم سیٹھی کی زیر قیادت انتظامیہ نے ذکا کے تقریباًتمام ہی فیصلے کالعدم قرار دے دیے ہیں۔