سنگاکارا قیادت سے دستبردار ہو گئے

1 1,045

سری لنکا کے کپتان کمار سنگاکارا ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی طرز میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ البتہ وہ کھلاڑی کی حیثیت سے تینوں طرز کی کرکٹ میں شامل رہیں گے۔

سنگاکارا نے بہترین قیادت کے ساتھ ساتھ شاندار بلے بازی کا بھی مظاہرہ کیا

یہ اعلان عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ وہ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے نمبر پر رہے اور انہوں نے فائنل میں بھی 48 رنز بنائے۔

منگل کو جاری کردہ بیان میں سنگاکارا نے کہا کہ میں انتہائی غور و خوض کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ ٹیم کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں قیادت سے دستبردار ہو جاؤں تاکہ 2015ء کے عالمی کپ تک ایک نیا قائد درست خطوط پر تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ عالمی کپ 2011ء سے قبل کیا تھا۔ اگلے عالمی کپ تک میں 37 سال کا ہو جاؤں گا اور اس وقت ٹیم میں میری جگہ یقینی نہیں ہوگی۔ اس لیے اب یہ سری لنکا کے لیے بہتر ہے کہ کوئی ایسا کھلاڑی اس کی قیادت کرے جو اگلے عالمی کپ تک اپنے کیریئر کے عروج پر پہنچ جائے۔

سنگاکارا نے کہا کہ کپتان کی حیثیت سے دو سال تک قومی ٹیم کی قیادت ایک قابل فخر اعزاز ہے اور میں نئے قائد کو معاملات سنبھالنے میں مکمل مدد کا یقین دلاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس لیے اگر سلیکٹرز یہ سمجھیں کہ انگلستان اور ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں میرا کپتان رہنا نئے قائد کی تیاری اور منتقلی کے عمل کے لیے بہتر ہوگا تو میں مذکورہ سیریز میں ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کو تیار ہوں۔

سنگاکارا نے وضاحت کی کہ ان کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور جب تک فارم اور فٹنس سے ساتھ دیا وہ مستقبل میں تینوں طرز کی کرکٹ میں سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گے۔