شاہد آفریدی کی پرویز مشرف سے ملاقات
پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اپنی فاؤنڈیشن کے قیام کے بعد اہم قومی شخصیات سے ملاقاتوں میں کافی سرگرم نظر آ رہے ہیں اور سابق صدر آصف زرداری، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، گورنر سندھ عشرت العباد خان کے بعد آج انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف سے بھی ملاقات کی ہے۔
پرویز مشرف ، اس وقت پاکستانی عدالتوں میں مقدمات بھگت رہے ہیں اور ناسازئ طبیعت کی وجہ سے اس وقت میں کراچی میں زیر علاج ہیں۔
شاہد آفریدی نے ملاقات کے دوران سابق صدر کی عیادت کی اور ان کی والدہ کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی پاکستان کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں صدر قومی کرکٹ بورڈ کا پیٹرن اِن چیف ہوتا ہے اور بورڈ کے اعلیٰ ترین عہدے پر تقرری صدر کی منظوری سے ہوتی ہے۔