ہاشم آملہ، نئے ٹیسٹ کپتان کے لیے مضبوط ترین امیدوار
جنوبی افریقہ کے نئے ٹیسٹ کپتان کے لیے ہاشم آملہ اچانک مضبوط ترین امیدوار کے طور پرابھر آئے ہیں۔ گریم اسمتھ کے بعد ٹیم کے نئے قائد کا اعلان کل کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے بورڈ اجلاس میں ہوگا۔
رواں سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ اور اس کے ساتھ ساتھ سیریز میں شکست کے بعد گریم اسمتھ نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا اور اب جنوبی افریقہ ان کے جانشیں کا فیصلہ کرنے والا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک ون ڈے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کو قیادت کی دوڑ میں سرفہرست امیدوار سمجھا جا رہا تھا کیونکہ ہاشم آملہ یہ منصب سنبھالنے میں پس و پیش سے کام لے رہے تھے۔ ان کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی کپتان فف دو پلیسی بھی امیدواروں میں شامل تھے لیکن ٹیسٹ کرکٹ کے محدود تجربے کی وجہ سے وہ ڈی ولیئرز کا مقابلہ کرنے کی سکت نہ رکھتے تھے۔ لیکن ہاشم کی رضامندی بعد اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈی ولیئرز دوڑ میں پیچھے رہ جائيں گے۔
ہاشم آملہ سرے کاؤنٹی کی نمائندگی کے بعد وطن واپس آ رہے ہیں جہاں وہ بدھ کو جنوبی افریقہ کے سالانہ کرکٹ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب سے قبل ہی جنوبی افریقہ نہ صرف نئے ٹیسٹ کپتان کا اعلان کرے گا بلکہ اگلے ماہ دورۂ سری لنکا کے لیے ایک روزہ اور ٹیسٹ دستوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔