پاکستان نے خواتین کے لیے بھی مرکزی معاہدوں کا اعلان کردیا

1 1,222

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مردوں کے لیے مرکزی معاہدے (سینٹرل کانٹریکٹس) پیش کرنے کے ایک روز بعد قومی خواتین ٹیم کے لیے بھی معاہدوں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق سال 2014ء کے لیے 22 کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کیے گئے ہیں۔

کپتان ثناء میر سمیت آٹھ کھلاڑیوں کو زمرہ 'الف' میں جگہ دی گئی ہے (تصویر: ICC)
کپتان ثناء میر سمیت آٹھ کھلاڑیوں کو زمرہ 'الف' میں جگہ دی گئی ہے (تصویر: ICC)

اعلان کے مطابق زمرہ 'الف' یعنی کیٹگری 'اے' میں کپتان ثناء میر سمیت 8 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ 95 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کے حامل اس زمرے میں ثناء کے علاوہ بسمہ معروف، نین عابدی، سعدیہ یوسف، ندا راشد، بتول فاطمہ، اسماویہ اقبال اور جویریہ ودود شامل ہیں۔ بتول چند ماہ قبل بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکی ہیں لیکن بورڈ نے کیونکہ 2014ء کے لیے ان معاہدوں کا اعلان تاخیر سے کیا ہے اس لیے یہ معاہدہ ابتدائی تین ماہ ہی نافذ العمل ہوگا۔

زمرہ 'ب' یعنی کیٹگری 'بی' میں ناہیدہ خان، قانطہ جلیل اور سمیعہ صدیقی شامل ہیں جنہیں ماہانہ 77 ہزار روپے تنخواہ دی جائے گی جبکہ 'سی' جویریہ رؤف، ثانیہ اقبال، مرینہ اقبال اور سدرہ امین کا نام موجود ہے۔ اس زمرے کی کھلاڑیوں کو ہر مہینے 63 ہزار روپے ملیں گے۔ پی سی بی زمرہ 'د' یعنی کیٹگری 'ڈی" میں 7 کھلاڑیوں کو 27 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دے گا جن میں رابعہ شاہ، انعم امین، ارم جاوید، ڈیانا بیگ، کنول فرانسس، نائلہ نذیر اور فریحہ محمود شامل ہیں۔

یہ مرکزی معاہدے یکم جنوری 2014ء سے نافذ العمل ہوں گے۔