آسٹریلیا کو زمبابوے سے شکست، فائدہ بھارت نے اٹھا لیا
تین دہائیوں کے بعد کسی ایک روزہ مقابلے میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست نے آسٹریلیا کو عالمی درجہ بندی میں سخت نقصان پہنچایا ہے اور بھارت کو ایک مرتبہ پھر دنیا کی نمبر ایک ون ڈے ٹیم بنا دیا ہے۔
اتوار کو ہرارے میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے چوتھے مقابلے میں زمبابوے نے آسٹریلیا کے خلاف سنسنی خیز معرکہ آرائی کےبعد تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور یوں 31 سال کے طویل عرصے کے بعد کسی بھی ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی۔ اس مقابلے سے قبل آسٹریلیا 114 پوائنٹس کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ٹیم تھا لیکن درجہ بندی میں 10 ویں نمبر پر موجود زمبابوے کے ہاتھوں شکست نے اسے تین قیمتی پوائنٹس سے محروم کردیا۔ جس کے نتیجے میں وہ بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے بھی پیچھے چوتھے نمبر پر چلا گیا ہے۔
دوسری جانب بھارت، جو انگلستان کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز میں دو-صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرچکا ہے، ایک مرتبہ پھر دنیا کی سرفہرست ٹیم بن چکا ہے۔ اس وقت کیونکہ سرفہرست کئی ٹیمیں ایک روزہ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، اور آئندہ ہفتے میں ان کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، اس لیے درجہ بندی میں تیزی سے تبدیلی ہونے کا امکان ہے۔عالمی چیمپئن بھارت کو اپنی نمبر ایک پوزیشن کو مستحکم کرنے کے لیے آئندہ دونوں مقابلوں میں انگلستان کو شکست دینا ضروری ہے اور پھر یہ توقع بھی رکھنا ہوگی کہ آسٹریلیا آئندہ مقابلوں میں جنوبی افریقہ کو شکست دے۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کو اس صورت میں سرفہرست مقام مل سکتا ہے کہ وہ اپنے بقیہ دونوں مقابلے جیتے اور سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے۔ اس صورت میں چاہے بھارت انگلستان کے خلاف سیریز کے باقی دونوں میچز جیت بھی جائے تو اعشاریہ کے معمولی فرق سے جنوبی افریقہ نمبر ایک ٹیم ہوگا۔
آسٹریلیا کے امکانات بھی بالکل صفر نہیں ہوئے کیونکہ چوتھے نمبر پر ہونے کے باوجود نمبر ایک پوزیشن اس سے صرف تین پوائنٹس ہی دور ہے۔ جہاں واپس آنے کے لیے اسے پہلے دعا کرنا ہوگی کہ انگلستان آئندہ دومقابلوں میں سے کم ا زکم ایک میں ضرور بھارت کو شکست دی اور آسٹریلیا جنوبی افریقہ کو آئندہ مقابلے میں ہرانے کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر اسی ٹیم کے خلاف فائنل بھی جیتے۔ اس صورت میں آسٹریلیا دوبارہ 114 پوائنٹس کا حامل ہوجائے گا اور بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک مرتبہ پھر دنیا کی نمبر ایک ٹیم بن جائے کا۔
سری لنکا کے ہاتھوں دو-ایک سے شکست کھانے والا پاکستان اس وقت 100 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر موجود ہے اور پانچویں نمبر پر موجود انگلستان سے 6 پوائنٹس پیچھے ہے۔
تازہ ترین ایک روزہ درجہ بندی
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | بھارت | 57 | 6485 | 114 | |
2 | جنوبی افریقہ | 40 | 4522 | 113 | |
3 | سری لنکا | 65 | 7245 | 111 | |
4 | آسٹریلیا | 38 | 4230 | 111 | |
5 | انگلستان | 43 | 4575 | 106 | |
6 | پاکستان | 50 | 4998 | 100 | |
7 | نیوزی لینڈ | 31 | 3031 | 98 | |
8 | ویسٹ انڈیز | 43 | 4107 | 96 | |
9 | بنگلہ دیش | 28 | 1940 | 69 | |
10 | زمبابوے | 30 | 1736 | 58 | |
11 | افغانستان | 13 | 550 | 42 | |
12 | آئرلینڈ | 9 | 297 | 33 |