ملک کی "خدمت" کے عوض 10 لاکھ روپے ماہانہ معاوضہ
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کا مایہ ناز آف اسپن باؤلر سعید اجمل پر پابندی کا فیصلہ پاکستان کرکٹ کے فیصلہ سازوں اور پرستاروں دونوں پر بجلی بن کر گرا۔ عالمی کپ سے صرف چھ ماہ کی دوری پر جب پاکستان کو اپنی تیاریوں کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرنے کی ضرورت تھی تو اس خبر نے افراتفری پھیلا دی ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ بورڈ ہر تنکے کا سہارا لینے کا بھی تیار ہے جو اس معاملے میں سعید اجمل کو ڈوبنے سے بچا سکتا ہے ۔ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حدود کے اندر لانے کے لیے بورڈ نے ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں جو اگلے ہفتے اپنے کام کا آغاز کردیں گے۔
سعید اجمل پر پابندی کا اعلان ہوتے ہی "دوسرا" کے موجد ثقلین مشتاق نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہیں اور اب اس مشکل گھڑی میں وہ سعید کے کیریئر کو بچانے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ بھارت کا اخبار ٹائمز آف انڈيا کہتا ہے کہ پی سی بی نے ثقلین کو 10 لاکھ روپے ماہانہ کی خطیر رقم پر حاصل کیا ہے، جس کے ساتھ ساتھ رہائش اور دیگر سہولیات تو ہوں گی ہی لیکن بایومکینک تجربات پر اٹھنے والے اخراجات بھی پی سی بی ہی کرے گا۔
ثقلین مشتاق 21 ستمبر کو لاہور پہنچیں گے اور اس کے بعد پی سی بی کی زیر نگرانی وہ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ منظرعام پر آنے والی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ برسبین میں ہونے والی جانچ کے بعد سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن کہنی میں خم سے 15 درجے کی حد سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔ اندازہ نہیں ہے کہ ثقلین اس کو قانونی حد کے اندر کیسے لائیں گے، لیکن اگلے مہینے 37 ویں سالگرہ منانے والے سعید اجمل کے کیریئر کو پہلی بار سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
گو کہ سعید اجمل کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے کہ جس کے دوران بورڈ نمائندگان ان کے باؤلنگ ایکشن پر نظر رکھ سکتے ہیں لیکن پی سی بی نے 17 ستمبر سے کراچی میں شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کے لیے ان کا نام فیصل آباد وولفز کے دستے سے خارج کردیا ہے اور اب ان کی تمام توجہ اگلے ہفتے ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کرنے پر مرکوز ہوگی۔