سنسنی خیز معرکہ، پاکستانی خواتین نے سونے کا تمغہ جیت لیا

0 1,218

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے انتہائی سنسنی خیز معرکہ آرائی کے بعد ایک مرتبہ پھر ایشیائی کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں جاری ایشین گیمز میں خواتین کرکٹ کا فائنل پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا گیا جہاں پاکستان نے بارش سے متاثرہ مقابلے میں 5 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستانی خواتین نے 2010ء میں جیتے گئے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا (تصویر: Getty Images)
پاکستانی خواتین نے 2010ء میں جیتے گئے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا (تصویر: Getty Images)

بنگلہ دیش 7 اوورز میں 43 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس وقت مضبوط پوزیشن پر تھا جب 30 رنز پر اس کے محض دو کھلاڑی آؤٹ تھے۔ لیکن پاکستانی خواتین نے ناقابل یقین انداز میں واپس آتے ہوئے مقررہ اوورز میں نہ صرف بنگلہ بلے بازوں کو صرف 38 رنز تک محدود کیا بلکہ ان کی 9 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اس شاندار واپسی میں اہم کردار کپتان ثناء میر، سعدیہ یوسف اور ندا ڈار کی باؤلنگ کا تھا جنہوں نے دو، دو وکٹیں حاصل کرکے بنگلہ دیش کو یقینی جیت سے محروم کیا۔ ان کی باؤلنگ کے نتیجے میں بنگلہ دیش صرف 8 رنز کے اضافے پر اپنی 7 وکٹیں گنوا بیٹھا اور پھر مقابلے میں واپس نہ آ سکا۔ بنگلہ دیش کی تین بلے باز رن آؤٹ بھی ہوئی، جن میں آخری اوور میں شہناز پروین کا اہم رن آؤٹ بھی شامل تھا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے صرف رومانہ احمد اور اور فرغانہ حق ہی کی اننگز دہرے ہندسے میں داخل ہو سکی، جنہوں نے 10، 10 رنز بنائے جبکہ اوپنر عائشہ رحمٰن 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ باقی کوئی بلے باز 3 رنز سے آگے نہ بڑھ پایا۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 97 رنز کا مجموعہ اکٹھا کیا۔ اس میں بسمہ معروف کے 24 رنز سب سے نمایاں تھے جبکہ نین عابدی نے 18 رنز بنائے۔

یوں پاکستان نے اپنے اس اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا جو اس نے 2010ء میں گوانگ چو میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں حاصل کیا تھا۔ علاوہ ازیں یہ موجودہ ایشین گیمز میں پاکستان کا پہلا سونے کا تمغہ بھی ہے۔ پاکستان نے قبل ازیں سیمی فائنل میں چین کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی، جہاں چین صرف 37 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا تھا۔ جبکہ بنگلہ دیش سری لنکا کو 25 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا۔

دوسری جانب کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے چین کو 5 وکٹوں سے شکست دی ۔

واضح رہے کہ بھارت نے اس مرتبہ بھی مرد و خواتین دونوں کے کرکٹ ایونٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔ جبکہ پاکستان نے اس بار مردوں کی کرکٹ ٹیم نہیں بھیجی اور صرف خواتین کے دستے کو بھیجنے پر اکتفا کیا، جس نے مایوس نہیں کیا۔