عالمی درجہ بندی: یونس خان سرفہرست 10 میں، جنوبی افریقہ عالمی نمبر ایک

0 1,152

پاک-آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں بھی تبدیلیاں ہوئی ہیں جس کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے مرد میدان یونس خان سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دبئی میں ریکارڈ دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کیں اور پاکستان کی تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس جیت کی بدولت پاکستان بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ ابوظہبی میں ہونے والے اگلے ٹیسٹ میں جیت اسے ایک مرتبہ پھر تیسرے مقام پر پہنچا دے گی۔

یونس خان دو شاندار سنچریوں کے بعد دنیا کے سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں (تصویر: Getty Images)
یونس خان دو شاندار سنچریوں کے بعد دنیا کے سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں (تصویر: Getty Images)

بلے بازوں میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا 915 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز اور ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال ان کے تعاقب میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ دبئی میں آسٹریلیا کے واحد نمایاں بلے باز ڈیوڈ وارنر چوتھے نمبر پر آ گئےہیں۔

گیندبازں میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پہلے نمبر پر ہیں جبکہ درجہ بندی میں دوسری کوئی واضح تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔

دوسری جانب بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ایک روزہ کرکٹ کی درجہ بندی کو بھی تازہ تر کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو دو-صفر سے شکست دینے کے بعد جنوبی افریقہ طویل عرصے کے بعد عالمی نمبر ایک بن گیا ہے۔ آخری بار ستمبر 2009ء میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے کے بعد سے اب تک 'پروٹیز' اس مقام پر نہیں پہنچے تھے لیکن اب مسلسل جامع کارکردگی پیش کرنے کے بعد بالآخر آسٹریلیا کو پچھاڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

جنوبی افریقہ نے دورۂ نیوزی لینڈ کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں باآسانی کامیابیاں حاصل کیں اور تیسرا مقابلہ بارش کی نذر ہونے کے بعد سیریز جیت کر عالمی کپ کے لیے تیاریوں کا بہترین آغاز کیا۔

علاوہ ازیں اس کے بلے باز اور گیندباز بھی انفرادی درجہ بندی میں اہم پوزیشنوں پر قابل ہیں۔ ابراہم ڈی ولیئرز اور ہاشم آملہ ایک روزہ کرکٹ کےسرفہرست بلے باز ہیں جبکہ ڈیل اسٹین گیندبازوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ باؤلرز میں پاکستان کے پابندی کے شکار اسپنر سعید اجمل بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔

تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے لیے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ یہاں دیکھیں۔