آئی سی سی ایوارڈز: مچل جانسن چھا گئے، دونوں اعلیٰ ترین اعزازات جیت لیے

آسٹریلیا کے تیز گیندباز مچل جانسن نے دنیائے کرکٹ کے دونوں اعلیٰ اعزازات جیت لیے ہیں اور یوں ہم وطن رکی پونٹنگ کے بعد تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن چکے ہیں جنہیں دو مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کی سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی ملی ہے۔

2004ء میں شروع ہونے والے آئی سی سی ایوارڈز میں رواں سال بہترین کھلاڑی کے لیے مچل جانسن کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور کمار سنگاکارا سے تھا لیکن ایوارڈز انتظامیہ نے طویل غوروخوض کے بعد نہ صرف گارفیلڈ سوبرز ٹرافی بلکہ سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی کا اعزاز بھی 'مچ' ہی کو سونپنے کا اعلان کیا ہے۔ رواں سال آسٹریلیا کے قومی ایوارڈز میں ایلن بارڈر میڈل بھی جیتنے والے جانسن نے پہلی بار 2009ء میں جبکہ رکی پونٹنگ نے 2006ء اور 2007ء میں مسلسل دو سال یہ ٹرافی جیتی تھی۔
جنوبی افریقہ کے ایک روزہ کپتان ابراہم ڈی ولیئرز نے سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کا اعزاز جیتا جس کے لیے انہوں نے ہم وطن ڈیل اسٹین، کوئنٹن ڈی کوک اور بھارت کے ویراٹ کوہلی کو شکست دی ہے۔
سال بھر مایوس کن کارکردگی کے باوجود انگلستان 11 میں سے تین اعزازات جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ نوجوان بلے باز گیری بیلنس سال کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی قرار پائے ہیں جبکہ سارا ٹیلر سال کی بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ رواں سال آئی سی سی ایوارڈز کی پاکستان کی واحد نامزدگی امپائر علیم ڈار کی صورت میں تھی لیکن رواں سال ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی انگلستان ہی سے تعلق رکھنے والے رچرڈ کیٹلبرو کو ملی ہے۔
علاوہ ازیں سال کی بہترین ٹی20 کارکردگی پر خصوصی اعزاز آسٹریلیا کے آرون فنچ کو ملا ہے جنہوں نے 63 گیندوں پر 156 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تھی۔جبکہ ان کی ہم وطن میگ لیننگ سال کی بہترین خاتون ٹی20 کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
بھارت کے نوجوان تیز باؤلر بھوونیشور کمار پہلے ہی عوامی پسند کا پیپلز چوائس ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
ان اعزازات کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب 26 اگست 2013ء سے 17 ستمبر 2014ء کے درمیان پیش کی جانے والی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔
آئی سی سی ایوارڈز 2014ء میں اعزازات جیتنے والوں کی مکمل فہرست ذیل میں پیش ہے:
آئی سی سی ایوارڈز 2014ء کے فاتحین
اعزاز | کھلاڑی | ملک |
---|---|---|
سال کا بہترین کھلاڑی | مچل جانسن | ![]() |
سال کا بہترین ٹیسٹ کھلاڑی | مچل جانسن | ![]() |
سال کا بہترین ایک روزہ کھلاڑی | ابراہم ڈی ولیئرز | ![]() |
سال کا ابھرتا ہوا کھلاڑی | گیری بیلنس | ![]() |
سال کا بہترین ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ کھلاڑی | پریسٹن مومسن | ![]() |
سال کی بہترین ٹی20 کارکردگی | آرون فنچ | ![]() |
سال کی بہترین ایک روزہ خاتون کھلاڑی | سارا ٹیلر | ![]() |
سال کی بہترین ٹی20 خاتون کھلاڑی | میگ لیننگ | ![]() |
سال کا بہترین امپائر | رچرڈ کیٹلبرو | ![]() |
پیپلز چوائس ایوارڈ | بھوونیشور کمار | ![]() |
اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ | کیتھرین برنٹ | ![]() |