عالمی کپ 2019ء: آئرلینڈ اور افغانستان کے لیے براہ راست جگہ پانے کا موقع
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آئرلینڈ اور افغانستان کو موقع دیا ہے کہ وہ 2019ء کے عالمی کپ میں براہ راست جگہ پائیں، لیکن اس کے لیے انہیں ایک ہمالیہ سر کرنا ہوگا یعنی کہ ستمبر 2017ء میں عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 8 ٹیموں میں جگہ پانی ہوگی۔
رواں سال ہونے والے عالمی کپ کے مقابلے میں 2019ء میں انگلستان میں ہونے والا عالمی کپ صرف 10 ٹیموں پر مشتمل ہوا جس میں 30 ستمبر 2017ء کو عالمی درجہ بندی کی سرفہرست آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ دو ٹیموں کا انتخاب 10 رکنی ورلڈ کپ کوالیفائر سے ہوگا، جو 2018ء میں بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔
آئرلینڈ اور افغانستان کو یہ موقع بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اپنے بورڈ اجلاس میں دیا ہے جس کے تحت دونوں ٹیموں کو یہ سنہرا موقع ملا ہے۔
اس وقت ایک روزہ کی عالمی درجہ بندی میں افغانستان گیارہویں جبکہ آئرلینڈ بارہویں نمبر پر ہے جبکہ 10 مکمل اراکین پہلے دس مقامات پر قابض ہیں اس لیے ان دونوں ٹیموں کے لیے مشکل تو بہت ہوگا لیکن پھر بھی موقع اچھا ہے۔