ایشانت شرما زخمی، عالمی کپ سے باہر
بھارت کے تیز گیندباز ایشانت شرما گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے عالمی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد پے در پے شکستیں اور اب عالمی کپ سے چند روز قبل اپنے تجربہ کار ترین تیز گیندباز کا زخمی ہونا بھارت کے لیے بڑا نقصان ثابت ہوگا۔ ایشانت آئندہ چند روز میں وطن لوٹ جائیں گے اور توقع یہی ہے کہ ان کی جگہ نوآموز موہیت شرما کو عالمی کپ میں شرکت کا موقع ملے گا۔
گھٹنے کی انجری کی وجہ سے ایشانت پچھلے ایک مہینے سے کرکٹ سے دور ہیں۔ انہوں نے آخری بار دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں باؤلنگ کروائی تھی جس کے بعد انہیں سہ فریقی سیریز میں آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والے اس مقابلے کے لیے بھی منتخب کیا گیا تھا جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔ یہ سیریز کا واحد مقابلہ تھا جس میں وہ ٹیم میں شامل تھے کیونکہ انگلستان کے خلاف اگلے میچ سے قبل ہی وہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
اب ٹرائی اینگولر سیریز میں حصہ لینے والے موہیت شرما اور دھاول کلکرنی تاحال آسٹریلیا ہی میں مقیم ہیں جہاں انہوں نے ہفتے کو ہونے والے بھارت کے تربیتی سیشن میں حصہ لیا تھا۔
لیکن اس بری خبر کے ساتھ بھارت کے لیے ایک اچھی خبر بھی ہے کہ بلے باز روہیت شرما اور تیز گیندباز بھوونیشور کمار تیزی سے روبصحت ہیں۔ روہیت سہ فریقی سیریز میں صرف ایک مقابلہ کھیل پائے تھے کیونکہ وہ ہمسٹرنگ انجری کا شکار تھے جبکہ بائیں ٹخنے میں تکلیف کے باعث بھوونیشور کمار آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے پہلے تینوں مقابلوں سے باہر رہے تھے اور اسی تکلیف کے دوبارہ لوٹ آنے کی وجہ سے سہ فریقی سیریز میں بھی صرف دو میچز میں شرکت کر سکے۔ روہیت نے کہا ہے کہ وہ وارم اپ مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کريں گے اور بھوونیشور بھی آسٹریلیا کے خلاف کل یعنی اتوار کو ہونے والے اس مقابلے میں اپنی گیندبازی کا جلوہ دکھا سکتے ہیں۔
ایڈیلیڈ میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے روہیت نے کہا کہ "میں بھلا چنگا ہوں اور اب وارم اپ کے لیے تیار ہوں۔ ہمسٹرنگ کے مسئلے سے دوچار ہونے کے بعد طبی عملے کی اچھی دیکھ بھال کی بدولت فٹنس بحال کرنے میں کامیابی ہوئی ہے۔ اس طرح زخمی ہونا کھیل کا حصہ ہے اور یہ کھلاڑی کے اختیار سے باہر ہے لیکن میری خود اعتمادی اور عالمی کپ کے لیے تیاریاں میری گرفت میں ہیں، جن کی بنیاد پر اہم ٹورنامنٹ میں بھرپور کارکردگی دکھاؤں گا۔"
بھارت 15 فروری کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف عالمی کپ میں اپنا پہلا مقابلہ کھیلے گا۔