ایلن ڈونلڈ نے جنوبی افریقہ کی کوچنگ چھوڑ دی
عالمی کپ 2015ء کے سیمی فائنل میں مایوس کن شکست جنوبی افریقہ کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے، اور اس سے باہر نکلنے میں اسے بڑا عرصہ لگے گا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ باؤلنگ کوچ ایلن ڈونلڈ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سابق تیز گیندباز اور گزشتہ چار سال سے جنوبی افریقہ کے گیندبازوں کی تربیت کی ذمہ داری سنبھالنے والے ڈونلڈ نے جون 2011ء میں یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے گیری کرسٹن کے کوچنگ عملے میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد رسل ڈومنگو کے ساتھ کھلاڑیوں کی تربیت کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ یہاں تک کہ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں ایک یقینی جیت سے جنوبی افریقہ کو عالمی اعزاز کی دوڑ سے باہر کردیا۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ایلن ڈونلڈ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آگے بڑھنے کا یہی بہتر وقت ہے۔
ڈونلڈ نے گزشتہ چار سالوں کو اپنی زندگی کے بہترین ایام میں سے ایک قرار دیا اور جنوبی افریقہ کی کوچنگ کو اپنے لیےباعث فخر قرار دیا۔ بیان میں ڈونلڈ نے اس پورے عرصے میں ساتھ دینے پر اپنے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
دنیا کے بہترین باؤلنگ اٹیک کی چار سال کی تربیت کرنے کے بعد اب ڈونلڈ کیا کریں گے؟ اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں معلوم۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے پاس خاصا وقت ہے کہ وہ تیز باؤلنگ کی نگرانی کرنے والے نئے کوچ کی تلاش کرے۔ اگلے دو ڈھائی مہینوں تک اسے کوئی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلنی یہاں تک کہ جولائی میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے۔