پاک-سری لنکا پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کا پہلے بلے بازی کا فیصلہ

ٹی ٹوئٹی طرز میں عالمی نمبرایک اور ورلڈ چیمپئن سری لنکا اور پاکستان کے مابین دو مقابلوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ مقابلے سے قبل پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔
بظاہر بلے بازی کے لیے موزوں پچ پر یہ فیصلہ مناسب معلوم ہوتا ہے لیکن اس فیصلے سے ہٹ کر دیکھا جائے تو پاکستان کا وکٹ کیپر سرفراز احمد کے بغیر میدان میں اترنا حیران کن ہے۔ اِن فارم سرفراز کی جگہ وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ ٹیسٹ اور ایک روزہ دستے سے باہر ہونے والے عمر اکمل بھی حتمی الیون کا حصہ ہیں۔ شاہد آفریدی کے خیال میں اس پچ پر 170 سے زائد رنز کا مجموعہ اکٹھا ہونا چاہیے۔
یہ میدان، یعنی پریماداسا اسٹیڈیم، اب تک سری لنکا کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا ہے۔ سری لنکا نے یہاں 7 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں اور صرف ایک میں فتح حاصل کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے یہاں کھیلے گئے پانچ میں سے تین مقابلے جیتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان سری لنکا کے دورے پر اب تک کامیابیاں سمیٹتا آیا ہے۔ پہلے مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز جیتی اور پھر اظہر علی نے ایک روزہ سیریز میں پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین فتوحات سے کامیاب کیا۔ اب شاہد آفریدی بھی اپنے ہم منصبوں کی کارکردگی دہرانے کے خواہشمند ہیں۔ دیکھتے ہیں وہ کولمبو میں برتری حاصل کرپاتے ہیں یا نہیں۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
احمد شہزاد، انور علی، سہیل تنویر، شاہد آفریدی (کپتان)، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر اکمل، محمد حفیظ، محمد رضوان، محمد عرفان اور مختار احمد۔
سری لنکا کا دستہ:
اینجلو میتیھوز، بنورا فرنانڈو، تلکارتنے دلشان، تھیسارا پریرا، جیفری ویندرسے، چمارا کپوگیدرا، دھنان جیا ڈی سلوا، کوسال پریرا، کیتھوروون وتھاناگے، لاستھ مالنگا (کپتان) اور ملنڈا سری وردنا۔