چوتھے ٹیسٹ کے لیے انگلش دستے کا اعلان؛ پلنکٹ اور فوٹیٹ شامل

0 1,183

انگلستان میں جاری ایشیز 2015ء کے چوتھے ٹیسٹ کے لیے میزبان ملک نے 14-رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم کے اہم گیند باز جیمز اینڈرسن زخمی ہوجانے کے باعث آئندہ ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔ علاوہ ازیں ٹخنوں کی تکلیف میں مبتلا مارک ووڈ کی شرکت بھی مشکوک ہونے کے باعث لیام پلنکٹ اور مارک فوٹیٹ کو طلب کیا گیا ہے۔

بائیں ہاتھ سے تیز گیند بازی کرنے والے 29 سالہ مارک فوٹیٹ نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا جبکہ لیام پلنکٹ 13 ٹیسٹ مقابلوں میں انگلستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 41 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ پلنکٹ نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جولائی 2014ء میں لارڈز کے میدان میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا جس میں مجموعی طور پر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

انگلستان نے ایشیز 2015 میں 2-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 6 اگست سے ٹرینٹ برج، نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ اب دیکھنا ہے کہ آسٹریلیا باقی ماندہ دو ٹیسٹ میں اس برتری کو ختم کرنے یا برابر کرنے میں کامیابی ہو پاتا ہے یا نہیں۔

ایشیز 2015 چوتھے ٹیسٹ کے لیے انگلش دستہ

ایلسٹر کک (کپتان)، معین علی، جوناتھن برسٹو، ایان بیل، اسٹورٹ براڈ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، مارک فوٹیٹ، آدم لیتھ، لیام پلنکیٹ، عادل رشید، جو روٹ، بین اسٹروکس اور مارک ووڈ