چوتھا ایشیز ٹیسٹ، انگلستان بارہویں کھلاڑی سے محروم

0 1,011

ایشیز دنیائے کرکٹ کی قدیم ترین رقابت ہے، اس میں جوش و خروش نہ دکھائی دے، یہ ممکن ہی نہیں۔ ایشیز کی کامیابی کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں اسے کھیل کے بجائے جنگ کا میدان سمجھ کر اترتی ہیں اور اسی لیے آغاز سے قبل ہی الفاظ کی جنگ شروع ہوجاتی ہے اور کھلاڑیوں کے جذبے آسمان سے باتیں کرنے لگتے ہیں۔ لیکن اس کی چند وجوہات اور بھی ہیں۔ جیسے برطانیہ اور آسٹریلیا کے خوبصورت میدانوں پر گیند اور بلّے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے ویسے ہی شائقین کرکٹ کا جوش و خروش بھی دیدنی ہوتا ہے۔ شاذونادر ہی کوئی ایسا ایشیز ٹیسٹ دیکھنے کو ملتا ہے جس میں میدان خالی نظر آئیں بلکہ سیریز کا اعلان ہوتے ہی اس کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ بک جاتے ہیں۔ پھر یہ شائقین مختلف طریقوں سے میدان کی رونقیں عروج پر پہنچا دیتے ہیں۔

دہائیوں سے انگلستان کے شائقین کا ایک دستہ ہے جو اپنے ملک کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے دنیا کے کونے کونے میں جاتا ہے۔ چاہے مقابلہ آسٹریلیا میں ہو یا سری لنکا میں، ویسٹ انڈیز میں ہو یا متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر، 'بارمی آرمی' انگلستان کے حوصلے بلند کرنے کے لیے ہمہ وقت موجود رہتی ہے۔ میدان میں اپنے کھلاڑیوں کا جوش بڑھانے کے لیے بینڈ باجوں کا استعمال بھی ہوتا ہے۔ 'بارمی آرمی' کی اہمیت کتنی زیادہ ہے کہ انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک اور تیز گیندباز اسٹورٹ براڈ کہتے ہیں کہ ان کی موجودگی ہمارے لیے 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت رکھتی ہے۔ لیکن آج سے ٹرینٹ برج میں شروع ہونے والے ٹیسٹ مقابلے میں بارمی آرمی بینڈ باجوں سے لیس نظر نہیں آئے گی۔

میدان کا انتظام سنبھالنے والے ناٹنگھم شائر کے حکام سے تمام درخواستوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارمی آرمی کے رکن بیلی کوپر کو میدان میں باجا بجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بارمی آرمی کے شیرک بانی پال برن ہیم کا کہنا تھا کہ برمنگھم میں زبردست ماحول بارمی آرمی کی وجہ سے ہی بنا، اور اس فیصلے سے چوتھے ٹیسٹ میں کھیل کا اصل رنگ پھیکا پڑ سکتا ہے۔

ٹرینٹ برج میں طویل عرصے سے تماشائیوں کے بینڈ باجے پر پابندی ہے اور اب بارمی آرمی کی درخواست پر مسترد ہوچکی ہے کہ لارڈز میں بھی ایسی حرکت کی اجازت نہیں ہے، اس لیے ٹرینٹ برج بھی ایسی کسی حرکت کا خیرمقدم نہیں کرے گا۔

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے برن ہیم نے مزید کہا کہ ہم ناٹنگھم شائر کے نقطہ نظر اور میدان کے اصول و ضوابط کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ ان کو اہمیت بھی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم وہاں موجود ہوں گے اور کھلاڑیوں کی حمایت کریں گے لیکن تمام تر اصول و ضوابط کے باوجود ہم اب بھی حکام سے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کریں گے۔

اِس پابندی کے بعد یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سیریز میں اب تک 3 ٹیسٹ مقابلے ہیں جن میں برطانیہ کو 1-3 سے برتری حاصل ہے اور آسٹریلیا نے ایک مقابلہ جیتا ہے، دوسرا ٹیسٹ لارڈز میں۔ شائقین کرکٹ اس شکست کی وجہ یہی بتارہے ہیں کیونکہ لارڈ ز میں بھی بارمی آرمی کے موسیقی بجانے پر پابندی ہے، یعنی انگلستان وہاں اپنے 12ویں کھلاڑی سے محروم تھا۔ اب اگر ٹرینٹ برج میں بھی ایسا ہی ہوا تو کہیں انگلستان کو ایک اور شکست کا سامنا تو نہیں کرنا پڑے گا؟ دیکھتے ہیں بارمی آرمی کی 'زباں بندی' انگلستان کے لیے کیسا شگون ثابت ہوتی ہے۔