پاکستان کے ادھورے دورۂ نیوزی لینڈ کا اعلان
ابھی دو دن پہلے ہی کی بات ہے جب پاکستان کے دورۂ انگلستان کی خبر موصول ہوئی تھی جو جون 2016ء سے شروع ہوگا، جس میں پاکستان 4 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلے گا جبکہ آئرلینڈ کے مختصر دورے میں بھی 2 ایک روزہ مقابلوں میں شرکت کرے گا اور اب نیوزی لینڈ کے دورے کا حتمی اعلان بھی ہوگیا ہے۔ اگرچہ پاکستان کو مصروف شیڈول ملنا ایک خوش آئند امر ہے، لیکن شیڈول دیکھیں تو کچھ ادھورا ادھورا سا لگتا ہے۔ 3 ایک روزہ مقابلے اور 3 ٹی ٹوئنٹی، یعنی سیریز میں میں کوئی ٹیسٹ نہیں ہے۔
اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے اس دورۂ نیوزی لینڈ کی تصدیق این زیڈ سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کی ہے جن کا کہنا ہے کہ جنوری میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔
دورے کا آغاز جنوری کو پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا جس کے بعد بالترتیب 17 اور 22 جنوری کو اگلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہوں گے جبکہ ایک روزہ مرحلہ 25 جنوری سے ویلنگٹن میں شروع ہوگا۔ سیریز کا اختتام 31 جنوری کو آکلینڈ میں آخری ایک روزہ مقابلے سے ہوگا۔ غالباً ٹی ٹوئنٹی مقابلوں پر زور دینے کی وجہ یہ ہے کہ اگلے ہی مہینے یعنی مارچ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا کہ جہاں نیوزی لینڈ پہلی بار اعزاز جیتنے کی کوشش کرے گا جبکہ پاکستان کی تمام تر سعی 2009ء کی کارکردگی دہرانے پر ہوگی۔