دورۂ آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ دستے کا اعلان

سری لنکا میں پے در پے شکست کھانے کے بعد پست حوصلہ ویسٹ انڈیز نے ایک بہت بڑی مہم کے لیے اپنے دستے کا اعلان کردیا ہے اور مسلسل ہار کے باوجود اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
اگلے ماہ تین ٹیسٹ مقابلے کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز کا جو 15 رکنی دستہ آسٹریلیا روانہ ہوگا اس کی قیادت بدستور جیسن ہولڈر کے پاس ہوگی جبکہ کریگ بریتھویٹ ان کے نائب ہوں گے۔ سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دونوں مقابلوں میں شکست کے بعد اب آئندہ سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے بہت بڑا امتحان ہوگی جس میں انہوں نے تین ٹیسٹ کھیلنے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ 10 دسمبر کو ہوبارٹ میں شروع ہوگا۔ جس کے بعد باکسنگ ڈے کا روایتی ٹیسٹ ملبورن میں اور پھر سال نو کا پہلا ٹیسٹ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز گزشتہ 18 سالوں سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ نہیں جیتا۔ 1997ء میں آخری بار کامیابی حاصل کرنے کے بعد سے اب تک اسے کوئی جیت نصیب نہیں ہوئی۔ مجموعی طور پر آسٹریلیا کے خلاف ہی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے آخری بار آسٹریلیا کے خلاف کوئی ٹیسٹ 2003ء میں جیتا تھا اور اس کے بعد سے اب اپنی سرزمین پر بھی نہیں جیت پایا۔ ایک یہی ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے زوال کی داستان بیان کرنے کے لیے کافی ہے۔
دستہ 23 نومبر کو ویسٹ انڈیز سے روانہ ہوگا اور دو دسمبر سے برسبین میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف سہ روزہ وارم اپ کھیلے گا ۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
جیسن ہولڈر (کپتان)، جرمین بلیک ووڈ، جومیل ویریکن، جیروم ٹیلر، دنیش رامدین، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، راجندر چندریکا، شائی ہوپ، شین ڈاؤرچ، شینن گیبریل، کارلوس بریتھویٹ، کریگ بریتھویٹ (نائب کپتان)، کیمار روچ اور مارلون سیموئلز۔