پہلا ٹیسٹ؛ سری لنکا ڈھیر، انگلستان کی حیران کن فتح

1 1,041

انگلستان نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگ اور 14 رنز سے ہرا کر حیران کردیا۔ کارڈف کے صوفیہ گارڈنز میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا بڑا حصہ بارش کی نذر ہو جانے کے باعث کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ آخری دن کھیل کا نتیجہ میزبان ٹیم کے حق میں آئے گا۔ کیوں کہ کھیل کے حتمی روز کا بیشتر حصہ بھی بارش کی وجہ سے ضایع ہو گیا جبکہ ابھی دونوں ٹیمیں کی پہلی اننگ بھی مکمل نہیں ہوئی تھی۔

‫انگلش کھلاڑی سری لنکن شیروں کے جبڑوں سے فتح چھیننے کے لیے تیار کھڑے ہیں‬

پھر انگلستان نے پہلی اننگ ڈکلیئر کرتے ہوئے سری لنکا کو کھیلنے کا موقع دیا اور یہ اینڈریو اسٹراس کا اس جرات مندانہ اقدام نے میچ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انگلستان کو سری لنکا کے پہلی اننگ کے اسکور 400 رنز پر محض 96 رنز کی برتری حاصل تھی جبکہ صرف ایک سیشن سے کچھ زیادہ کا کھیل ہی باقی رہ گیا تھا۔ اس مرحلے پر گریم سوان اور کرس ٹریملٹ نے وہ کر دکھایا جسے معجزہ ہی کہا جا سکتا ہے۔ ان دونوں کی شاندار باؤلنگ کے نتیجے میں انگلستان نے سری لنکا کو دوسری اننگ میں 82 رنز پر آل آؤٹ کر کے اک ایسی فتح حاصل کی جس کی ماضی قریب میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

دوسری اننگ میں انگلستان کی شاندار باؤلنگ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ اس میں اہم ترین اسٹرائیک باؤلر جیمز اینڈرسن شامل نہیں تھے جو پہلی اننگ میں زخمی ہونے کے باعث باؤلنگ نہیں کر پائے تھے۔ اس طرح انگلستان کے پاس باؤلنگ آپشنز مزید کم رہ گئے تھے اس صورتحال میں کرس ٹریملٹ کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی جنہوں نے سری لنکا کی ابتدائی تینوں وکٹیں حاصل کر کے وہ دباؤ قائم کیا جس نے مہمان ٹیم پھر نہ نکل پائی۔ انہوں نے چائے کے وقفے سے قبل دونوں اوپنرز اور وقفے کے فورا بعد پہلے ہی اوور میں مہیلا جے وردھنے کو ٹھکانے لگا کر انگلستان کو اک ایسے میچ میں فتح کی امید دلائی جو بظاہر بے نتیجہ ثابت ہو رہا تھا۔

دوسرے اینڈ سے گریم سوان نے بہت ہی تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ وہ دنیا کے حقیقی نمبر ایک اسپن باؤلر ہیں۔ انہوں نے کمار سنگاکارا اور تھیلان سماراویرا کی اہم ترین وکٹیں حاصل کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن اپ کی بنیادیں ہلا دیں۔ انہوں نے سنگاکارا اور پرویز مہاروف کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کر کے محض 43 کے اسکور تک سری لنکا کی گرنے والی وکٹوں کی تعداد کو 6 کر دیا۔

پہلی اننگ میں 400 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کرنے والے سری لنکن شیر دوسری اننگ میں بھیگی بلی ثابت ہوئے۔ ان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور تھیسارا پیریرا نے بنایا جو 20 تھا۔ جبکہ ان کے علاوہ صرف چار بلے باز دہرے ہندسے میں داخل ہوئے جن میں کپتان دلشان نے 10، کمار سنگاکارا نے 14، مہیلا جے وردھنے نے 15 اور اجنتھا مینڈس نے 12 رنز بنائے۔ سری لنکا کی مایوس کن بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی آخری 8 وکٹیں محض 12 اوورز انگلش باؤلرز کا سامنا کر سکیں اور 49 رنز بنا کر میچ حریف ٹیم کو تھالی میں رکھ کر پیش کیا۔ انگلش باؤلرز خصوصا ٹریملٹ نے ابتداء ہی میں سری لنکا کو دھچکے پہنچائے جس سے وہ پھر جانبر نہ ہو سکا اور محض 24.4 اوورز میں 82 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ اتنی عبرتناک شکست نئے کپتان تلکارتنے دلشان کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہوگی۔

انگلستان کی جانب سے کرس ٹریملٹ نے 40 اور گریم سوان نے 16 رنز دے کر 4،4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسٹورٹ براڈ نے اننگ کے آخری اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے انگلش فتح پر مہر ثبت کی۔

پہلی اننگ میں شاندار ڈبل سنچری اننگ پر جوناتھن ٹراٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

قبل ازیں انگلستان نے اپنی پہلی اننگ 496 رنز پر ڈکلیئر کی۔ اس اننگ کی خاص بات جوناتھن ٹراٹ کی شاندار ڈبل سنچری تھی جنہوں نے 409 گیندوں پر 203 رنز کی یادگار اننگ کھیلی۔ دوسری اننگ میں انگلش باؤلرز کی ان کی کارکردگی کو اور بھی یادگار بنا دیا کیونکہ ڈبل سنچری کے ساتھ فتح کا مزہ دوبالا ہو گیا ہوگا۔ اگر انگلستان فتح حاصل نہ کرتاتو شاید اس ڈبل سنچری کا اتنا سواد نہ آتا۔

ٹراٹ کے علاوہ ایلسٹر کک اور این بیل نے بھی سنچریز بنا کر سری لنکا کی پہلی اننگ کا کرارا جواب دیا۔ ایلسٹر کک 276 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ این بیل 159 گیندوں پر 103 رنز کی نسبتا تیز اننگ کھیل کر ناقابل شکست رہے۔ بیل کی اننگ میں 11 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔

آخری روز صبح اور دوپہرکے سیشن کا بہت بڑا حصہ بارش کی نذر ہوا جس کے بعد انگلستان نے محض این بیل کی سنچری کی تکمیل کا انتظار کیا اور چائے کے وقفے سے کچھ دیر قبل جب اپنی پہلی اننگ ڈکلیئر کی تو 496 رنز رنز پر اس کے محض پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ یہ پانچویں وکٹیں سری لنکا کے پانچ مختلف باؤلرز لکمل، دلشان، مہاروف، مینڈس اور ہیراتھ نے حاصل کیں۔

پہلے روز سے بارہا بارش سے متاثر ہونے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مڈل آرڈر میں ہلکی سے لڑکھڑاہٹ کے علاوہ سری لنکا نے پہلی اننگ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی اور پرسنا جے وردھنے کی شاندار سنچری کی بدولت 400 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ ان کے علاوہ تھارنگا پرناوتنا، دلشان اور تھیلان سماراویرا نے نصف سنچریاں بنا کر اہم کردار اد اکیا۔

انگلستان کی جانب سے پہلی اننگ میں جیمز اینڈرسن اور گریم سوان نے 3، 3 جبکہ اسٹورٹ براڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ کرس ٹریملٹ کے ہاتھ لگی۔

اس ناقابل فراموش ٹیسٹ میچ کے اختتام پر جوناتھن ٹراٹ کو شاندار ڈبل سنچری اننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا معرکہ 3 تا 7 جون لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں کھیلا جائے گا اور انگلستان ابتدائی میچ میں شاندار فتح کے ساتھ بھرپور نفسیاتی برتری کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

انگلستان بمقابلہ سری لنکا

این پاور ٹیسٹ سیریز 2011ء

پہلا ٹیسٹ، بمقام صوفیہ گارڈنز، کارڈف، ویلز

26 تا 30 مئی 2011ء

نتیجہ: انگلستان ایک اننگ اور 14 رنز سے فاتح

مین آف دی میچ: جوناتھن ٹراٹ

سری لنکا پہلی اننگ رنز گیندیں چوکے چھکے
تھارنگا پرناوتنا ب ٹریملٹ 66 191 6 0
تلکارتنے دلشان ب سوان 50 94 7 0
کمار سنگاکارا ک پرائیر ب اینڈرسن 11 16 2 0
مہیلا جے وردھنے ک اسٹراس ب اینڈرسن 4 35 0 0
تھیلان سماراویرا ک سوان ب اینڈرسن 58 84 9 0
پرسنا جے وردھنے ک پرائیر ب براڈ 112 168 12 0
پرویز مہاروف رن آؤٹ (ٹراٹ) 16 42 1 0
تھیسارا پیریرا ک ٹریملٹ ب براڈ 25 40 4 0
رنگانا ہیراتھ ک ٹراٹ ب سوان 25 35 3 0
اجنتھا مینڈس ناٹ آؤٹ 1 2 0 0
سورنگا لکمل ک براڈ ب سوان 2 5 0 0
کل رنز آل آؤٹ؛ 118.4 اوورز 400

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
جیمز اینڈرسن 28 8 66 3
اسٹورٹ براڈ 33 4 113 2
کرس ٹریملٹ 26 9 81 1
گریم سوان 24.4 2 78 3
جوناتھن ٹراٹ 6 0 29 0
کیون پیٹرسن 1 0 3 0

 

انگلستان پہلی اننگ رنز گیندیں چوکے چھکے
اینڈریو اسٹراس ک مہیلا جے وردھنے ب لکمل 20 47 2 0
ایلسٹر کک ک پرسنا جے وردھنے ب مہاروف 133 274 10 0
جیمز اینڈرسن ک مہیلا جے وردھنے ب مینڈس 1 16 0 0
جوناتھن ٹراٹ ب دلشان 203 409 17 0
کیون پیٹرسن ایل بی ڈبلیو ب ہیراتھ 3 11 0 0
این بیل ناٹ آؤٹ 103 159 11 1
ایون مورگن ناٹ آؤٹ 14 19 2 0
کل رنز 5 وکٹیں ڈکلیئر؛ 155 اوورز 496

 

سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
سورنگا لکمل 22 4 68 1
تھیسارا پیریرا 24 5 81 0
تلکارتنے دلشان 16 1 60 1
پرویز مہاروف 28 3 92 1
اجنتھا مینڈس 21 4 66 1
رنگانا ہیراتھ 44 7 115 1

 

سری لنکا دوسری اننگ رنز گیندیں چوکے چھکے
تھارنگا پرناوتنا ک اسٹراس ب ٹریملٹ 0 10 0 0
تلکارتنے دلشان ک و ب ٹریملٹ 10 10 2 0
کمار سنگاکارا ک اسٹراس سوان 14 38 1 0
مہیلا جے وردھنے ک اسٹراس ب ٹریملٹ 15 32 2 0
تھیلان سماراویرا ب سوان 0 9 0 0
پرسنا جے وردھنے ک پرائیر ب ٹریملٹ 3 6 0 0
پرویز مہاروف ک پرائیر ب سوان 0 3 0 0
تھیسارا پیریرا ک بیل ب براڈ 20 17 4 0
رنگانا ہیراتھ ایل بی ڈبلیو ب سوان 3 3 0 0
اجنتھا مینڈس ناٹ آؤٹ 12 18 2 0
سورنگا لکمل ک کک ب براڈ 0 2 0 0
کل رنز آل آؤٹ؛ 24.4 اوورز 82

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
اسٹورٹ براڈ 7.4 1 21 2
کرس ٹریملٹ 10 2 40 4
گریم سوان 7 1 16 4