ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پاک-بھارت مقابلہ ہائی اسکورنگ ہوگا: پچ کیوریٹر

1 1,049

کسی کرکٹ مقابلے کے لیے غیر معمولی اور خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہوں۔ سارے ٹکٹ ایک ہی جھٹکے میں فروخت ہو جانے کی اطلاعات ہوں، ذرائع ابلاغ پر تجزیوں اور تبصروں کا سماں بندھا ہوا ہو اور وہ لوگ جو عام طور پر کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں لیتے وہ بھی میچ دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں تو سمجھنا مشکل نہیں کہ یہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہوگا، جی ہاں! دنیائے کرکٹ کے دو روایتی حریف اس مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آمنے سامنے آئیں گے۔

سال 2016ء سال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کا سب سے اہم مقابلہ 19 مارچ کو دھرم شالا کے خوبصورت ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جہاں دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ اس کا انتظار کر رہے ہیں وہی انتظامیہ پر بھاری ذمہ داری بھی عائد ہے خاص طور پر پچ بنانے والے پر۔ گراؤنڈ کے چیف کیوریٹر سنیل چوہان کہتے ہیں کہ جو پچ بنائی جا رہی ہے وہ بلے بازوں کو بہت مدد فراہم کرے گی اور امید یہی ہے کہ سنسنی خیز اور زیادہ رنز والا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

سنیل چوہان نے مزید کہا کہ پچ اس طرح بنائی گئی ہے کہ میچ کے دوران اس کی حالت خراب نہیں ہوگی اور 40 اوورز کرائے جانے کے باوجود اس کے مزاج میں خاص تبدیلی نہيں آئے گی۔ دونوں ٹیموں کو ایک جیسے حالات میسر رہیں گے اور آؤٹ فیلڈ تھوڑی تیز ہوگی۔ یعنی زیادہ سے زیادہ رنز بننے کے پورے پورے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 24 فروری سے پچ پر کام شروع کردیں گے جسے بنانے میں مٹی اور نامیاتی کھاد بھی استعمال ہوگی۔ اس وقت آؤٹ فیلڈ پر کام تیزی سے جاری ہے تاکہ وہ مہینے کے آخر تک مکمل طور پر سرسبز نظر آئے۔

ایچ پی سی اے اسٹیڈیم 9 سے 13 مارچ تک کوالیفائنگ مرحلے کے چھ مقابلوں کے ساتھ ساتھ مین راؤنڈ کے دو اہم میچز کی بھی میزبانی کرے گا۔ ایک میں روایتی حریف پاکستان و بھارت آمنے سامنے ہوں گے تو دوسرا مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔ اتنے بڑے مقابلوں کے لیے امید ہے کہ میدان تماشائیوں سے مکمل طور پر بھرا ہوا ہوگا خاص طور پر پاک-بھارت مقابلے پر تو جوش بھی اپنے عروج پر ہوگا۔

HPCA-Stadium