آخری ایک روزہ کے لیے ویسٹ انڈین دستے کا اعلان، گیل بدستور باہر
ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف پانچویں و آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں حال ہی میں صحت یاب ہونے والے ایڈرین بارتھ اور گزشتہ میچ میں آرام کرنے والے روی رامپال کو واپس بلایا گیا ہے تاہم اب بھی جارحانہ بلے باز کرس گیل کی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
کرس گیل کو پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز کے موقع پر متنازع بیان دینے پر دونوںممالک کے خلاف ہوم سیریز سے باہر کر دیا گیا تھا اور اب وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کر کے اپنا موقف واضح کریں گے جس کے بعد ہی ان کے ٹیم میں انتخاب کی کوئی کرن نظر آ سکتی ہے۔
دوسری جانب 21 سالہ اوپننگ بلے باز ایڈرین بارتھ فروری 2011ء کے بعد پہلی مرتبہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ ہمسٹرنگ انجری کے باعث عالمی کپ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔ وہ کرک ایڈورڈز کی جگہ لیں گے جن کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔ علاوہ ازیں روی رامپال کو ڈینزا ہیاٹ کی جگہ شامل کیا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز ابتدائی تینوں ایک روزہ میچز میں شکست کے بعد سیریز ہار چکا ہے تاہم اس نے چوتھے میچ میں زبردست انداز میں واپس آتے ہوئے عالمی چیمپین بھارت کو 103 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔
سیریز کا آخری ایک روزہ میچ جمعرات کو جمیکا میں کھیلا جائے گا جس کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈین دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ڈیرن سیمی (کپتان)، انتھونی مارٹن، ایڈرین بارتھ، آندرے رسل، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، رامنریش سروان، روی رامپال، کارلٹن با، کیرون پولارڈ، کیمار روچ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔