گیل موجودہ دور کے ویوین رچرڈز ہیں: فل سیمنز

0 1,075

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنے پہلے ہی مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے جیسی دھواں دار بیٹنگ کی ہے، اس نے سب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے "دیو" نے صرف 47 گیندوں پر 11 چھکوں کی مدد سے ریکارڈ ساز سنچری بنائی اور کوچ فل سیمنز کو یہ کہنے پر مجبور کردیا ہے کہ گیل میں وہی خصوصیات ہیں جو کسی زمانے میں ہمیں سر ویوین رچرڈز کی صورت میں دیکھنے کو ملتی تھیں۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیمنز نے کہا کہ یہ ویوین رچرڈز کا ہی خاصہ تھا کہ وہ تن تنہا مخالفین کا مقابلہ کرتے تھے اور انگلستان کے خلاف گیل کی اننگز دیکھ کر ویو کی بیٹنگ بہت یاد آئی۔

طویل عرصے تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے والے سیمنز نے کہا کہ رچرڈز کے بعد بہت سے ایسے بلے باز آئے کہ جو اعداد و شمار کے اعتبار سے کہیں آگے نکل گئے، لیکن آج تک کوئی ایسا بلے باز دیکھنے کو نہيں ملا کہ جس کا رعب و دبدبہ حریف ٹیم پر قائم ہو اور جب سب ناکام ہو جائیں تو وہ اکیلا کامیابی کی راہ پر گامزن ہو۔ گیل وہ واحد بلے باز ہے جس میں رچرڈز کی پرچھائیاں نظر آتی ہیں۔

26 ٹیسٹ اور 143 ایک روزہ مقابلے کھینے والے سیمنز نے کہا کہ انگلستان کے خلاف میچ سے قبل گیل سے بات کی تھی اور سمجھایا کہ 15 اوورز تک کرکٹ پر قیام کریں، کیونکہ اگر وہ اتنے اوورز بھی کھڑے رہیں تو ویسٹ انڈیز ہدف کے قریب پہنچ سکتا ہے۔

سیمنز نے گروپ میں انگلستان کو مضبوط امیدوار قرار دیا اور کہا کہ اس کے خلاف کامیابی حاصل کرکے ٹیم کا حوصلہ بہت بلند ہوگیا ہے اور اب ہماری نظریں جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلے پر ہیں۔ وہ جیتنے کی صورت میں ہمارے سیمی فائنل کھیلنے کی راہیں ہموار ہو جائیں گی۔

برینڈن میک کولم کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرنے پر سیمنز نے گیل کو مبارک باد بھی دی۔

Chris-Gayle