یونس خان ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر

0 1,085

ابو ظہبی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی 133 رنز سے فتح کے بعد پاکستانی بلے باز یونس خان تین درجے ترقی کے ساتھ ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ میں دوسرے نمبر پر آچکے ہیں۔ یونس خان نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 127 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 33ویں سنچری بنائی تھی۔

پاکستان کے تجربہ کار بلے باز ڈینگی بخار کا شکار ہونے کے باعث سیریز کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، لیکن دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کے ساتھ ان کی واپسی ہوئی۔ اس سے قبل، یونس نے اپنی آخری اننگز میں انگلستان کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔ انھوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن، انگلستان کے جو روٹ اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا کو پیچھے چھوڑا۔

مارچ 2009ء میں سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے کے بعد یونس خان ٹیسٹ درجہ بندی میں سرِ فہرست آئے تھے۔ جولائی 2009ء کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ وہ رینکنگ میں دوبارہ اتنا اوپر آنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔

اس وقت یونس خان کے 860 پوائنٹس ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 906 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔ اگر یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے تو وہ اسمتھ کے قریب پہنچ جائیں گے۔ جو روٹ آٹھ پوائنٹس کے فرق کے ساتھ تیسرے، ہاشم آملا 847 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، اور کین ولیم سن 841 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیسٹ درجہ بندی میں سرِ فہرست دس بلے بازوں میں یونس خان کے علاوہ دسویں نمبر پر پاکستانی کپتان مصباح الحق 765 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد پاکستان کے پوائنٹس 111 ہوچکے ہیں جبکہ بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔