اب ڈے نائٹ ٹیسٹ ایشیز میں بھی ہوگا

0 1,035

آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سب ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کا تجربہ اٹھا چکے ہیں اور اب اگلی باری غالباً "بابائے کرکٹ" انگلستان کی ہوگی۔ اگلے سال ایڈیلیڈ میں ہونے والا ایشیز ٹیسٹ برقی قمقموں کی روشنی ميں اور گلابی گیند کے ساتھ کھیلا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا اس تاریخی لمحے کا باضابطہ اعلان کرنے والا ہے۔ اگلے سال ایشیز کا آغاز برسبین سے ہوگا لیکن توقع یہی ہے کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی ایڈیلیڈ کو ملے گی۔ گزشتہ اور رواں سیزن میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد اس کی ضمانت ہے۔

گو کہ انگلستان نے ابھی علانیہ طور پر ایشیز میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کھینے کا اعلان نہیں کیا لیکن آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس امر پر اتفاق ہو چکا ہے۔

انگلستان اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ اگلے سال برمنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کہتے ہیں کہ اس مقابلے سے اندازہ ہوتا ہے کہ انگلستان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں دلچسپی رکھتا ہے۔

اگلے سال ایشیز کا آغاز 23 نومبر کو گابا، برسبین میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 2 دسمبر سے ایڈیلیڈ، تیسرا 14 دسمبر سے پرتھ، چوتھا 26 دسمبر سے ملبورن اور پانچواں و آخری 4 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

Adelaide-Cricket