پاکستان کے خلاف سیریز پر بھارت کی ٹال مٹول جاری

0 1,102

دنیا کے دیگر مقبول کھیلوں کی طرح کرکٹ میں بھی بعض روایتی حریف ایسے ہیں، جن کے درمیان مقابلے کا انتظار دنیا بھر کے شائقین کو رہتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کا شمار بھی ایسے ہی روایتی حریفوں میں ہوتا ہے۔ ان دونوں ممالک کو مدمقابل دیکھنے اور ایک دلچسپ مقابلے کی تمنا صرف ان ممالک کے شہریوں تک محدود نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لیے اسے راضی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دوسری طرف بھارتی بورڈ ہے کہ کسی ناراض محبوبہ کی طرح مان کر ہی نہیں دیتا۔

حال ہی میں، کولمبو، سری لنکا میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے ایک بار پھر اس امید اور عزم کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو باہمی سیریز کھیلنے پر راضی کیا جاسکے۔ لیکن اس حوالے سے کسی بات کی نوبت تک نہ آسکی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا تھا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی صورتحال میں تناؤ کے باعث وہ پاکستان کے ساتھ کوئی سیریز نہیں کھیلے گا۔ اس کے باوجود پی سی بی کو امید تھی کہ ایشین کرکٹ کونسل کے فورم پر یہ معاملہ اٹھانے سے شاید کوئی بات بن سکے۔ لیکن ایک بار پھر، بھارتی بورڈ کے سربراہ راہل جوہری نے مستقبل قریب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔

بھارتی اخبار، ہندوستان ٹائمز کے مطابق راہل جوہری نے کہا کہ اجلاس میں اس موضوع پر کوئی گفتگو ہی نہیں ہوئی۔ انھوں نے واضح کیا کہ اجلاس کا موضوع ایشیا کپ 2018ء تھا جسے بہتر بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ تمام بورڈز کے سربراہان اس سیریز سے حاصل ہونے والی آمدنی بڑھانے اور اس سے متعلق دیگر پہلوؤں پر اپنے منصوبے پیش کریں گے۔ چاروں ممالک (پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، اور سری لنکا) کے سربراہان کی قیادت پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او سبحان احمد کریں گے۔

pakistan india 2005