سری لنکا کی نظریں ایک روزہ عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر

2 1,026

سری لنکا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کر سکتا ہے اگر وہ انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بقیہ تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرے۔

اس وقت انگلستان سری لنکا سیریز دو مقابلوں کے بعد 1-1 سے برابر ہے۔ اگر سری لنکا لارڈز، ناٹنگھم اور مانچسٹر میں ہونے والے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ اس وقت عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر براجمان عالمی چیمپیئن بھارت کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

سیریز کا پہلا مقابلہ انگلستان سے باآسانی 110 رنز سے جیتا جبکہ دوسرے مقابلے میں سری لنکا نے یکطرفہ طور پر شکست دے کر سیریز برابر کی ہے۔

ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت آسٹریلیا سرفہرست ہے جبکہ بھارت دوسرے اور سری لنکا تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا اور بھارت کے درمیان محض ایک پوائنٹ کا فرق ہے جسے ختم کرنے کے لیے سری لنکا کو لازما انگلستان پر فتح پانا ہوگی۔ بھارت کو پیچھے چھوڑنے کے لیے اسے سیریز کے بقیہ تینوں میچز جیت کر سیریز 4-1 سے جیتنا ضروری ہے جبکہ بھارت کے برابر یعنی 119 ریٹنگ پوائنٹس کے لیے اس کا 3-2 سے جیتنا کافی ہوگا تاہم وہ دوسری پوزیشن حاصل نہیں کر پائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا مقابلہ 3 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان میں ہوگا۔