عالمی کپ 2011ء کا فاتحانہ چھکا لگانے والا بلا نیلام ہوگا

1 1,025

ابھی شائقین کے ذہنوں سے وہ چھکا محو نہیں ہوا جس کی بدولت بھارت 28 سال کے طویل عرصے کے بعد عالمی چیمپئن بنا۔ کرکٹ کے کروڑوں بلکہ اربوں شائقین تاعمر اس خوبصورت شاٹ کو نہیں بھلا پائیں گے جو بھارت کے قائد مہندر سنگھ دھونی نے عالمی کپ 2011ء کے فائنل کی آخری گیند پر کھیلا۔ اب اطلاعات یہ ہیں کہ مہندر سنگھ اس بلے کو نیلام کرنے جا رہے ہیں۔

دھونی کا یادگار چھکا، یہ بلا اب نیلام ہو جائے گا

2 اپریل کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 91 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور میچ کا اختتام ایک شاندار چھکا رسید کر کے کیا۔ یوں بھارت نے پڑوسی سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ دوسری مرتبہ اپنے نام کیا۔

اب مہندر سنگھ اپنی اہلیہ کے خیراتی ادارے سکشی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی خاطر یادگار چھکا رسید کرنے والے بلے کو نیلام کر رہے ہیں۔ اس ادارے کا مقصد مراعات سے محروم بچوں کے لیے کام کرنا ہے۔

نیلامی 19 جولائی بروز منگل لندن کے پانچ ستارہ ہوٹل میں ہوگی جس میں مذکورہ بلے کے علاوہ مہندر سنگھ دھونی کے زير استعمال رہنے والی دیگر اشیاء بھی نیلام کی جائیں گی اور ان کی آمدنی سکشی فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی۔